• news

شمالی وزیرستان سے دہشت گردوں کا صفایا کر دیا‘ کراچی میں ٹارگٹ کلنگ‘ بھتہ خوری‘ تقریبا ختم ہو گئی : نوازشریف

پشاور (نیوز ایجنسیاں + نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے اڈے ختم کر دئیے گئے، کراچی میں تخریب کاری، بھتہ خوری اور ٹارگٹ کلنگ تقریباً ختم ہو چکی، پورے ملک میں امن و امان قائم کرنے کی کوشش کررہے ہیں، اقتصادی راہداری کسی ایک صوبے تک نہیں اس میں سب صوبوں کا حصہ ہے، راہداری سے گلگت بلتستان اور کشمیر کو بھی بہت فائدہ ہوگا، چین کے تعاون سے منصوبوں کی تکمیل کے بعد پاکستان سے اندھیرے ختم ہو جائیں گے، دہشت گردی کی جنگ میں 100 ارب ڈالر سے زائد کا نقصان ہوا، افغانستان سے بہتر تعلقات چاہتے ہیں تاکہ دہشت گردی کا خاتمہ کیا جا سکے، نیپال میں زلزلہ سے ہلاکتوں پر افسوس ہے، پشاور میں 110 کلو میٹر فی گھنٹہ سے آنے والے طوفان اور شدید بارشوں نے کئی گھر اجاڑے، ناگہانی آفت میں جانی و مالی نقصان پر انتہائی دکھ ہے۔ وہ جمعہ کو گورنر ہاﺅس پشاور میں بارشوں سے متاثرہ افراد میں امدادی چیک تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ تقریب میں بارشوں سے جاں بحق ہونے والوں کیلئے دعا مغفرت کی گئی جبکہ زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے بھی اجتماعی دعا کی گئی۔ وزیر اعظم نواز شریف نے بارشوں سے متاثرہ افراد میں امدادی چیک تقسیم کئے۔ اس سے قبل میرعلی میں متاثرین کی واپسی کی تقریب میں وزیراعظم نے کہا شمالی وزیرستان سے نقل مکانی کرنے والوں کا پورا خیال رکھا گیا۔ پاک فوج نے شمالی وزیرستان میں دہشتگردوں کے اڈے ختم کر دئیے ہیں۔ کراچی میں بھی اسی نیت سے آپریشن شروع کیا گیا اب کراچی کے حالات بہت بہتر ہیں۔ کراچی کی رونقیں بحال ہو رہی ہیں۔ امن و امان بحال کر کے سرمایہ کاری کا فروغ چاہتے ہیں۔ گوادر سے خنجراب تک سڑکیں بنیں گی۔ بلوچستان میں بھی بے پناہ ترقی ہوگی۔ دہشت گردی کیخلاف جنگ میں عوام، فوج اور پولیس نے بہت قربانیاں دی ہیں۔ اندرونی چیلنجز کے ساتھ ہمیں بیرونی معاملات کو بھی درست کرنا ہو گا۔ وزیرستان سے دہشت گردوں کا مکمل صفایاکردیا۔ کراچی کی رونقیں بحال ہورہی ہیں جہاں امن نہیں ہوتا وہاں ترقی ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر پاکستان کے اندرونی اور بیرونی معاملات ٹھیک ہوگئے تو مسائل ختم ہوجائیں گے۔ افغانستان کے ساتھ تعلقات کو اچھا اور بہتر بنائیں۔ دہشت گردی کو ختم کرنے کے لئے ایک دوسرے سے تعاون کریں۔ انہوں نے کہا کہ انہیں پشاور میں ناگہانی آفت پر جانی و مالی نقصان پر بہت افسوس ہے۔ آئی ڈی پیز اپنے گھروں کو روانہ ہوگئے ہیں، وہ گھروں کو واپسی پرخوش تھے۔ فوج نے ان کا پورا خیال رکھا۔ چاہتے ہیں کہ ملک میں خوشحالی آئے اور سرمایہ کاری ہو۔ پاک چین اقتصادی راہداری سے پورے ملک کو فائدہ ہوگا۔ وزیراعظم نے کہا کہ کسی کو امن تباہ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، آی ڈی پیز نے مشکلات برداشت کیں، اب قبائلی علاقوں میں غیر ملکی سرمایہ کار اور سیاح بلا خوف آیا کریں گے ، وزیراعظم کے دورہ میر علی کے دوران آرمی چیف جنرل راحیل شریف بھی موجود تھے، وزیراعظم نے کہا کہ اب علاقے کی ترقی پر توجہ دی جائے گی۔



ای پیپر-دی نیشن