زمبابوے کیخلاف ہوم سیریز، احمد شہزاد، شعیب ملک کو قومی ٹیم میں شامل کرنے کا فیصلہ
لاہور (حافظ محمد عمران/ نمائندہ سپورٹس) پاکستان کرکٹ بورڈ کی سلیکشن کمیٹی نے رواں ماہ زمبابوے کے خلاف کھیلی جانے والی ہوم سیریز کیلئے اوپننگ بلے باز احمدشہزاد اور تجربہ کار آل رائونڈر شعیب ملک کو بھی ون ڈے اور ٹوئنٹی ٹوئنٹی میچوں کیلئے قومی ٹیم میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ کو بھی اعتماد میں لیا گیا ہے۔ شہریارخان نے دونوں کھلاڑیوں کو قومی ٹیم میں شامل کرنے کا گرین سگنل دیدیا ہے۔ احمد شہزاد کو عالمی کپ کے بعد کوچ وقار یونس کی سخت رپورٹ کی بنیاد پر بنگلہ دیش کے خلاف ون ڈے اور ٹیسٹ ٹیم سے ڈراپ کیا گیا تھا جبکہ شعیب ملک کو ماضی میں خراب کارکردگی کی وجہ سے ٹیم سے باہر کر دیا گیا تھا۔ احمد شہزاد کو خراب رویئے کی وجہ سے بنگلہ دیش کے خلاف سزا کے طورپر ڈراپ کیا گیا تھا‘ تاہم سلیکشن کمیٹی اپنے فیصلے پر قائم نہ رہ سکی۔ ’’کرکٹنگ ڈسپلن‘‘ قائم کرنے اور کھلاڑیوں کو اپنے رویئے درست نہ کرنے تک ٹیم سے باہر رکھنے کے دعوے ایک سیریز میں ناکامی کے بعد ہی ہوا ہو گئے۔ بنگلہ دیش کے خلاف ناکامی کے بعد سلیکشن کمیٹی نے ایک مرتبہ پھر تجربہ کار کھلاڑیوں کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ سابق کپتان شعیب ملک نے چیئرمین شہریارخان سے ملاقات کی تھی اور کسی بھی قسم کی سیاست اور منفی سرگرمیوں میں ملوث نہ ہونے کا وعدہ کرتے ہوئے صرف ایک کھلاڑی اور ’’ٹیم مین‘‘ کی حیثیت سے کھیلنے کا یقین دلایا تھا۔ اس دوران سلیکشن کمیٹی نے بھی شعیب ملک کے حوالے سے مختلف حل طلب معاملات پر کرکٹ بورڈ کے چیئرمین کو اعتماد میں لیا۔