• news

دیامر ، جرگے نے دو علاقوں میں خواتین کے ووٹ ڈالنے پر پابندی عائد کردی

گلگت / چلاس/ اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ آن لائن) الیکشن کمشن نے گلگت بلتستان میں انتخابات کیلئے ضابطہ اخلاق جاری کر دیا ہے۔ الیکشن کمشن نے ضابطہ اخلاق میں کہا ہے کہ خواتین کو ووٹ ڈالنے سے روکا گیا تو حلقے کا امیدوار نااہل ہو گا۔ الیکشن کمشن گلگت بلتستان کے مطابق گلگت بلتستان کے انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کی چھان بین جاری ہے۔ الیکشن کمشن 16 مئی کے بعد انتخابی نشان الاٹ کریگا اور کاغذات نامزدگی واپس لینے کی آخری تاریخ 15 مئی ہی مقرر کی گئی ہے جبکہ سیاسی جماعتوں کو امیدواروں کی نامزدگی کیلئے 15 مئی کی ڈیڈ لائن دی گئی ہے۔ بیس مئی کے بعد بیلٹ پیپرز کی چھپائی کا کام شروع کیا جائیگا۔ الیکشن کمشن نے کہا کہ سکیورٹی کے انتظامات کیلئے پولیس اور رینجرز کی مدد لی جائیگی۔ ضرورت پڑنے پر فوج کو بلانے کیلئے بھی درخواست کی جائیگی۔ دوسری طرف جمعہ کے روز گلگت بلتستان میں ہونیوالے عام انتخابات کے حوالے سے جرگہ طلب کیا گیا جس میں جرگے نے عام انتخابات میں حلقہ 17 دیامر کے دو علاقوں میں خواتین کے ووٹ ڈالنے پر پابندی لگانے کا فیصلہ کیا جبکہ جرگہ کے فیصلے کی تمام سیاسی جماعتوں کے امیدواروں نے بھی حمایت کر دی۔ جرگے نے یہ فیصلہ بھی کیا کہ اس حلقہ انتخاب میں سیاسی جماعتوں کے امیدواروں کو اس فیصلے پر مبنی ایک حلف نامے پر بھی دستخط کرنے ہوں گے۔ 

ای پیپر-دی نیشن