بھارت کی آزاد کشمیر بھی واپس لینے کی باتیں پاکستان کو کھلی دھمکی ہیں: حافظ سعید
لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعۃ الدعوۃ پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ بھارت کی جانب سے آزاد کشمیر بھی واپس لینے کی باتیں پاکستان کو کھلی دھمکی ہیں۔ حکومت پاکستان واضح اور دوٹوک جواب دے‘ بھارت سے یکطرفہ دوستی اور مذاکرات کی باتوں کی کوئی گنجائش باقی نہیں رہی۔ حرمین شریفین کا تحفظ کرنا ہر مسلمان پر فرض ہے۔ نیپال زلزلہ متاثرین کیلئے جماعۃالدعوۃ کے تحت ڈاکٹرزکی ٹیمیں اور ادویات کی کھیپ جلد روانہ ہو گی۔ جامع مسجد القادسیہ میں خطبہ جمعہ کے دوران انہوںنے کہاکہ بھارت نے پاکستان کے وجود کو کبھی دل سے تسلیم نہیں کیا۔ وہ وطن عزیز پاکستان کو نقصانات سے دوچار کرنے کی سازشوں سے کبھی باز نہیں آتا۔ جب سے نریندر مودی برسراقتدار آئے ہیں بھارتی مسلمانوں کی طرح کشمیریوں پر بھی مظالم بہت زیادہ بڑھ گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے سرکاری افسر کے بیان سے واضح ہو گیا ہے کہ وہ آزا د کشمیر پر حملے کا منصوبہ بنا کر بیٹھے ہیں۔ ہم صاف طور پر کہتے ہیں کہ لاتوں کے بھوت باتوں سے نہیں مانتے۔ حکومت کواس پر خاموش نہیں رہنا چاہئے۔ حافظ محمد سعید نے کہاکہ نیپال میں بہت بڑا زلزلہ آیا جس سے80ہزار سے زائد لوگ متاثر ہوئے ہیں‘ ابھی تک ملبے تلے دبی لاشیں نکالنے کا کام جاری ہے۔ جب سری لنکا میں زلزلہ آیا تھا تو جماعۃ الدعوۃ نے وہاں امداد بھیجی،انڈونیشیا میں سونامی آیا تو وہاں بھی جماعۃالدعوۃ نے امداد بھجوائی‘ اب ہم کوشش کر رہے ہیںکہ نیپال کے زلزلہ متاثرین کے لئے بھی پاکستان سے امداد روانہ کریں۔