کرپشن، رشوت خوری، خورد برد، جعل سازی میں محکمہ پولیس سب پر بازی لے گیا
لاہور (میاں علی افضل سے) کرپشن، رشوت خوری، سرکاری مال کی خورد برد، اختیارات کے ناجائز استعمال، دھوکہ دہی اور جعل سازی میں محکمہ پولیس سب محکموں پر بازی لے گیا۔ پنجاب بھر میں کرپشن کے کیسز میں پولیس کی سب سے زیادہ انکوائریاں اور کیسز ہیں جبکہ ایک سال میں لاہور میں کرپشن اختیارات کے ناجائز استعمال پر درجنوں پولیس افسران و اہلکاروں کے خلاف مقدمات درج کر کے تفتیش جاری ہے اور سینکڑوں پولیس افسران و اہلکاروں کے خلاف انکوائریاں جاری ہیں۔ انٹی کرپشن کی رپورٹ کے مطابق لاہور ریجن میں محکمہ پولیس سب سے کرپٹ محکمہ ہے۔ ایک سال میں کرپشن، رشوت خوری، سرکاری مال خورد برد، اختیارات کے ناجائز استعمال پر انسپکٹر علی عباس، تھانہ ساندہ کے سب انسپکٹرز طارق جاوید اور عبدالجبار، تھانہ ساندہ کے سب انسپکٹرز خرم شہزاد، محمد عارف، ہیڈ کانسٹیبل محمد وسیم، امداد حسین، ریاض علی، امان اللہ، محمد ارشد، محمد نصراللہ، محمد طفیل، محمد قدیر، پی ایس فیصل ٹائون علی شیر، تھانہ سٹی رائیونڈ کے اے ایس آئی عبدالخالق، اے ایس آئی محمد اسلم خان، کانسٹیبل ریحان، سب انسپکٹر شعیب وٹو، سب انسپکٹر کلاب حسین، عبدالرحمان، یعقوب اور کلان حسین، محمد اشفاق، شبیر احمد اے ایس آئی اور سب انسپکٹر امجد علی کے خلاف مقدمات درج ہوئے۔