10 خودکشیاں: لاہور میں نوجوان، سادھوکے میں خاتون نے کمسن بیٹے سمیت زندگی ختم کرلی
لاہور (سٹاف رپورٹر + نمائندگان) مختلف وجوہات پر لاہور، سادھوکے، کامونکے، شیخوپورہ، فیصل آباد،بھلوال، سمندری، چناب نگر اور شاہ کوٹ میں خاتون کمسن بیٹے سمیت 10 افراد نے زندگی ختم کرلی۔ لاہور میں غالب مارکیٹ کے علاقہ میں 28 سالہ نوجوان نے گلے میں پھندا لے لیا۔ نبی پورہ کے سرور نے نامعلوم وجوہات پرگلے میں پھندا ڈال کر خودکشی کرلی، متوفی ذہنی مریض بتایا گیا ہے۔ پویس کے مطابق تحقیقات کی جارہی ہیں درخواست ملنے پر مزید کارروائی کی جائے گی۔ سادھوکے میں سسرال کے مظالم سے تنگ آئی خاتون نے کمسن بیٹے سمیت زہر پھانک کر جان دے دی۔ ریلوئے لائن کی 27سالہ سعدیہ بی بی قصور میں بیاہی ہوئی تھی اور مبینہ طور پر خاوند اور سسرالی رشتہ داروں کے مظالم سے تنگ تھی، دلبرداشتہ ہوکر اپنے میکے سادھوکے آگئی۔ گذشتہ روز خاوند کی جانب سے طلاق موصول ہونے پر اس نے چار سالہ بیٹے سمیت زہر پھانک کر تڑپ تڑپ کر جان دیدی جبکہ چھ سالہ بیٹی کو انتہائی تشویشناک حالت میں پرائیویٹ ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ متوفیہ کے ورثاء موت کو اتفاقیہ قرار دے رہے ہیں۔ کامونکے میں پاک ٹائون کے علاقہ میں خالد رضا اے ایس آئی کے اٹھارہ سالہ بھتیجے وقار رضا نے نامعلوم وجوہ کی بناء پر زہریلی گولیاں نگل لیں۔ متوفی لاہور کسی جگہ پرائیویٹ گارڈ کے طور پر کام کرتا تھا۔ شیخوپورہ، فیروز والا سے نامہ نگار خصوصی، نامہ نگار کے مطابق تھانہ بھکھی کے علاقہ کھاریانوالہ میں ایک جواں سالہ نوجوان نے گھر والوں کی ڈانٹ ڈپٹ سے دلبرداشتہ ہوکر زہریلی گولیاں کھالیں۔ عدیل احمدکا گھر والوںسے کام کاج نہ ہونے کی بناء پر اکثر جھگڑ ارہتا تھا۔ علاوہ ازیں نمائندہ خصوصی کے مطابق فیصل آباد میں تھانہ ڈی ٹائپ کالونی کے علاقہ ڈوگرانواں روڈ مٹھائی والا چوک کے صدیق کے 25 سالہ بیٹے عثمان ملک نے گھریلو حالات اور بیروزگاری سے دلبرداشتہ ہو کر اپنے سر میں گولی مارلی۔ بھلوال میں ظہور حیات کالونی کے اشرف نے اپنی بیوی کے ساتھ گھریلو جھگڑا پر گلے میں پھندا لے لیا۔ سمندری کے نواحی گائوں 143گ۔ب کے اصغر کے جواں سالہ بیٹے مدثر اور چناب نگر کے علاقہ موضع ٹھٹھہ جوئیہ کے 23 سالہ نوجوان عامر عباس نے زندگی ختم کرلی۔ شاہ کوٹ میںگھریلو ناچاقی پر زہریلی گولیاں کھانے والا نوجوان ہسپتال میں چل بسا۔ انعام علی نے گندم میں رکھنے والی زہریلی گولیاں کھا لی تھیں الائیڈ ہسپتال فیصل آباد لے جایا گیا تھا جہاں وہ چل بسا۔