• news

چونیاں: خاوند نے دوسری بیوی اور بیٹی کو قتل کر کے گھر میں دفن کر دیا

چونیاں/ قصور (نامہ نگار+ نمائندہ نوائے وقت) خاوند نے گھریلو جھگڑے پر دوسری بیوی اور سوتیلی بیٹی کو قتل کر کے نعشیں گھر کے صحن میں دفنا دیں۔ اطلاع پر پولیس نے نعشیں نکال کر قبضہ میں لے کر کارروائی شروع کر دی۔ تفصیل کے مطابق نازیہ بی بی نے چند ماہ قبل حیدر مسیح سے دوسری شادی کی، نازیہ کے پہلے خاوند سے ایک 2 سالہ بیٹی انجلینا بھی تھی جو اپنی ماں اور سوتیلے باپ حیدر مسیح کے ساتھ رہ رہی تھی، گزشتہ روز اہل محلہ نے پولیس کو اطلاع دی کی حیدر مسیح اور اسکے بھائی شاہد مسیح جو کہ لاہور کے ایک سرکاری ہسپتال میں ملازم ہے کہ گھر سے بد بو آرہی تھی۔ پولیس نے آکر موقع دیکھا اور بدبو آنیوالی جگہ کی کھدائی کی تو زمین سے نازیہ بی بی اور اسکی 2 سالہ بیٹی انجلینا کی نعشیں برآمد ہوئیں۔ پولیس کے مطابق دونوں کے جسم پر بظاہر کوئی نشان نہیں انہیں گلا دبا کر ہلاک کر کے ایک ہفتہ قبل دفن کیا گیا جبکہ نازیہ کا خاوند حیدر مسیح موقع سے غائب تھا۔ پولیس نے نازیہ بی بی کے باپ عارف مسیح کی مدعیت میں ملزمان حیدر مسیح، شاہد مسیح وغیرہ کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کر کے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے اور نعشیں ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کر دیں۔

ای پیپر-دی نیشن