گرمی میں بدترین لوڈشیڈنگ سے لوگ نڈھال، سراپا احتجاج بنے رہے
لاہور + کراچی (نامہ نگاران + خصوصی رپورٹر) شدید گرمی میں بدترین لوڈشیڈنگ کا سلسلہ گزشتہ روز بھی جاری رہا جس کے باعث لوگ نڈھال ہو گئے اور سراپا احتجاج بنے رہے جبکہ کئی علاقوں میں بجلی کے ساتھ پانی کی بھی شدید قلت رہی اور لوگوں کو مشکلات کا سامنا رہا جبکہ 10سے 14گھنٹے تک کی لوڈشیڈنگ سے کاروبار بھی شدید متاثر ہوئے ہیں۔ چیچہ وطنی سے نامہ نگار کے مطابق بجلی کی غیراعلانیہ اور طویل لوڈشیڈنگ بھی جاری رہی جس پر لوگ سراپا احتجاج بنے رہے جبکہ شام کو گیس کی بندش کے باعث خواتین کو کھانا پکانے میں شدید مشکلات کا سامنا رہا دینہ سے نامہ نگار کے مطابق گرمی بڑھتے ہی ’’لوڈشیڈنگ‘‘ کا جن کنٹرول سے باہر ہو گیا۔ گرمی کی شدت میں اضافہ ہوتے ہی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ 12گھنٹے تک پہنچ گیا۔ کاروبار شدید متاثر ہو رہے ہیں۔ چک امرو سے نامہ نگار کے مطابق لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 20گھنٹوں سے تجاوز کر گیا جس سے شہری بلبلا اٹھے، کاروبار زندگی بُری طرح متاثر ہوکر رہ گیا۔ ادھر کراچی میں جمعہ کو سال رواں کا گرم ترین دن رہا اور درجہ حرارت43 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا پہنچا۔ کراچی میں سارا دن موسم گرم اور خشک رہا ، دن بھرلو چلتی رہی اور شہریوں کی بڑی تعداد نے ساحل سمندر کا رخ کیا ۔گرمی کے باعث شہر میں ٹھنڈے مشروبات اور برف کی طلب میں اضافہ ہوگیا ہے۔ شہریوں نے گرمی سے بچنے کے لیے تفریحی مقامات کا رخ کیا۔