شہباز شریف نے دانش سکولز جیسے فلاحی منصوبے کیخلاف بیان دینے پر عمران کو آڑے ہاتھوں لیا
لاہور(خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے محنت کشوں کے عالمی دن کے موقع پر ورکرز ویلفیئرکمپلکس کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب کے دوران اپنے خطاب میں دانش سکولز جیسے فلاحی منصوبے کے خلاف بیان دینے پر عمران خان کوآڑے ہاتھوں لیا۔٭شہبازشریف نے کہاکہ عمران خان کو غریبوں، محنت کشوں، بے آسرا افراد کے بچوں اور بچیوں کے لئے دانش سکولز جیسے فلاحی منصوبے کو سکینڈل قرار دینے پر شرم آنی چاہیے،عمران خان کا یہ طرز عمل غریب ماری ہے ۔ ٭خان صاحب کہتے ہیں کہ شہبازشریف سیلاب میں گھرے بھائیوں کی مدد کر کے ڈرامہ کرتے ہیں، عوام کی خدمت کرنا اگر انہیں ڈرامہ لگتاہے تو میں ایسا کرتا رہوں گا اور عوام کے دکھ درد میں ان کے ساتھ کھڑا رہوں گا۔ ٭خان صاحب کو خود تو پشاور میں طوفانی بارشوں میں گھرے بہن بھائیوں کی مدد کرنے کا خیال تو نہ آیا لیکن وہ دوسروں کی عوام خدمت پر تنقید ضرورکرتے ہیں۔٭وزیراعلیٰ نے اپنی تقریر کے دوران ترنم کے ساتھ یہ اشعار پڑھے : ۔
دیپ جس کا صرف محلات ہی میں جلے
چند لوگوں کی خوشیوں کو لے کرچلے
وہ جو سائے میں ہر مصلحت کے پلے
ایسے دستور کو ‘ صبح بے نور کو
میں نہیں مانتا، میں نہیں جانتا
وزیراعلیٰ نے اپنی تقریر کا اختتام ان اشعا رپر کیا
جب اپنا قافلہ عزم و یقین سے نکلے گا
جہاں سے چاہیں گے رستہ وہیں سے نکلے گا
وطن کی مٹی مجھے ایڑیاں رگڑنے دے
مجھے یقین ہے کہ چشمہ یہیں سے نکلے گا