پاکستان، ایران بارڈر کمشن میں 4 نئے تجارتی پوائنٹس کھولنے، ہاٹ لائن قائم کرنے پر اتفاق
چاغی (اے پی پی)پاکستان، ایران مشترکہ بارڈر کمشن کے اجلاس کی مزید تفصیلات کے مطابق دونوں ممالک میں نئے تجارتی پوائنٹس کھولنے، سرحدوں پر گشت بڑھانے اور پہلی بار ہاٹ لائن رابطے قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ ایرانی صوبے سیستان بلوچستان کے صدر مقام زاہدان میں منعقدہ ششماہی جوائنٹ بارڈر کمشن کے 3 روزہ اجلاس میں دونوں ممالک کے حکام نے پنجگور، تربت اور واشک سے متصل پاکستان ایران سرحدی علاقوں میں مزید چار تجارتی پوائنٹس بنانے کا فیصلہ کر لیا جن پر دونوں اطراف سے جلد ہی کام شروع کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ سرحد ی پٹی پر دہشت گردی، منشیات اور انسانی سمگلنگ روکنے کیلئے دو طرفہ سرحدوں پر سکیورٹی فورسز کا گشت بڑھانے پر اتفاق کیا گیا اور سرحدی خلاف ورزی سمیت کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کے لیئے ایران کے متعلقہ صوبائی گورنر اور چیف سیکرٹری بلوچستان کے درمیان پہلی بار ہاٹ لائن رابطے شروع کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔
بارڈر کمشن