تعطل برقرار رہا تو پاکستانی ٹرکوں کو ٹرانزٹ رسائی نہیں دیں گے، اشرف غنی کی دھمکی
کابل(اے این این) افغان صدر اشرف غنی نے پاکستان سے واہگہ بارڈر کے ذریعے بھارت تک براہ راست رسائی فراہم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے دھمکی دی ہے کہ اگر اس معاملے پرتعطل برقراررہا تو افغانستان پاکستانی ٹرکوں کو وسطی ایشیاءکیلئے مساوی ٹرانزٹ رسائی نہیں دے گا۔ بھارتی اخبار” دی ہندو“ کو انٹرویو میں افغان صدر نے کہا کہ پاکستان افغانستان کے سا تھ 2011ءمیں طے پانے والے ٹرانزٹ اینڈ ٹریڈ معاہدے کی متفقہ شق نیشنل ٹریٹمنٹ پر عمل یقینی بنائے جس کے تحت دونوں ملکوں کو ملکی سرحدوں تک مساوی رسائی حاصل ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کو ہمیں واہگہ بارڈر کے ذریعے بھارت تک براہ راست رسائی دینی چاہیے۔ اور اگر اس حوالے سے تعطل برقرار رہا تو افغانستان پاکستانی ٹرکوں کو وسطی ایشیاءتک مساوی ٹرانزٹ رسائی نہیں دے گا۔ انہوں نے کہاکہ داعش بھارت سے روس تک ملکوں کیلئے چیلنج ہے اور علاقائی ملکوں کو اس تنظیم کے خلاف متحد ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ داعش سے لاحق خطرہ طالبان جیسے گروپوں سے لاحق خطرے سے مختلف ہے۔ ہمارا علاقہ میدان جنگ بنایا جارہا ہے ، ہمارے لوگ ظالمانہ انداز میں قتل کیے جارہے ہیں، ہم سب کو اس کے خلاف ایک ہونا ہوگا۔
افغان صدر