شمالی وزیرستان‘ خیبر ایجنسی : بمباری سے 16 غیر ملکیوں سمیت 44 دہشت گرد ہلاک‘ باڑہ کے کئی علاقوں میں پاکستانی پرچم لہرا دیا گیا
پشاور (نوائے وقت رپورٹ+ نیوز ایجنسیاں) فوج کے قبائلی علاقے شمالی وزیرستان اور خیبر ایجنسی میں فضائی حملوں میں 44 دہشت گرد ہلاک ہو گئے ہیں۔ فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ نے اپنے بیان میں کہا ہے فضائی حملوں میں ہلاک ہونے والوں میں غیر ملکی شدت پسند بھی شامل ہیں۔بیان میں کہا گیا ہے شدت پسندوں کے خلاف تازہ فضائی حملے شمالی وزیرستان کے علاقے دتہ خیل میں کیے گئے۔شورش سے متاثرہ قبائلی علاقے شمالی وزیرستان میں پاک فوج نے گذشتہ سال سے دہشت گردوں کے خلاف آپریشن ضربِ عضب شروع کر رکھا ہے جبکہ خیبر ایجنسی میں جاری فوجی آپریشن ون اور ٹو کے دوران ایجنسی کے کئی علاقے دہشت گردوں سے خالی کرائے گئے ہیں۔آئی ایس پی آر کے جاری کردہ بیان کے مطابق ہفتہ کو خیبر ایجنسی کی وادیِ تیراہ میں فوج کے جیٹ طیاروں نے دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر فضائی بمباری کی ۔ ان حملوں میں 28 شدت پسند ہلاک ہوئے ۔ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری ہونے والے بیان میں فوج کے ترجمان میجر جنرل عاصم باجوہ نے کہا شمالی وزیرستان کے علاقے دتہ خیل میں فوج کے فضائی حملے میں 16 شدت پسند مارے گئے ، مرنے والوں کی اکثریت غیر ملکی شدت پسندوں پر مشتمل ہے۔خیبر ایجنسی میں جاری خیبر ٹو کا دائر? کار خیبر ایجنسی سے بڑھا کر اورکزئی ایجنسی تک کر دیا گیا ہے۔ادھر شمالی وزیرستان میں فوجی آپریشن ضرب عضب جاری ہے، جس میں حکام کے مطابق 1200 سے زیادہ شدت پسند مارے جا چکے ہیں جبکہ بیشتر علاقہ ان مسلح افراد سے صاف کیا جا چکا ہے۔آن لائن کے مطابق آئی ایس پی آر کا کہنا ہے شمالی وزیرستان کے علاقے دتہ خیل میں فضائی کارروائی میں سولہ غیر ملکی دہشت گرد مارے گئے جبکہ خیبر ایجنسی ‘وادی تیراہ میں جیٹ طیاروں کی بمباری میں 28 دہشت گرد ہلاک ہوئے ۔ صباح نےوز کے مطابق خیبرایجنسی کی وادی تیراہ میں سکیورٹی فورسز کے جیٹ طیاروں کی بمباری کے نتیجے میں 12 دہشت گرد ہلاک اور 7 زخمی ہوگئے۔ جیٹ طیاروں کی کارروائی میں دہشت گردوں کے دو ٹھکانے بھی تباہ ہو گئے۔ سکیورٹی فورسز کے جیٹ طیاروں نے خیبر ایجنسی وادی تیراہ کے علاقوں راج گڑھ اور کنڈاﺅ غریبی میں شدت پسندوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔ سکیورٹی فورسز کے مطابق تحصیل باڑہ کے بیشتر علاقے شدت پسندوں کے قبضہ سے واگزار کرا لئے گئے ہیں اور پاک فوج نے ان علاقوں میں پاکستانی پرچم لہرا دیا ہے۔ فورسز کے مطابق علاقہ میں شدت پسندوں کے خلاف زمینی کارروائی بھی جاری ہے جبکہ وادی تیراہ میں کوکی خیل کے علاقہ میں سکیورٹی فورسز کی پیشقدمی جاری ہے اور سکیورٹی فورسز کو کئی اہم کامیابیاں ملی ہیں سکیورٹی فورسز کے مطابق ہفتہ کی صبح وادی تیراہ میں کارروائی میں ہلاک دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے ہے۔ آئی این پی کے مطابق سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے شمالی وزیرستان کی تحصیل شوال کے دو مختلف علاقوں میں سکیورٹی فورسز نے جیٹ طیاروں سے شدت پسندوں کے ٹھکانوں پر بمباری کی جس کے نتیجے میں 9 دہشت گرد ہلاک کر دئیے گئے، فضائی کارروائی میں دہشت گردوں کے دو ٹھکانے اور گولا باورد کا ڈپو بھی تباہ کردئیے گئے۔ مزید برآں پاک فوج کا دہشت گردوں کے خلاف آپریشن ضرب عضب اورخیبرٹوکامیابی سے جاری ہے۔ سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے وادی تیراہ میں کارروائی میں زخمی ہونیوالے متعدد دہشت گرد جائے وقوعہ سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے تاہم سکیورٹی فورسز نے زخمی دہشت گردوں کی تلاش کیلئے زمینی کارروائی شروع کردی ہے۔ سکیورٹی حکام کے مطابق 20 سے زائد دہشت گرد خفیہ ٹھکانے میں دہشت گردانہ کارروائیوں کی منصوبہ بندی کررہے ہیں۔