آئندہ پارٹی قیادت چھوڑنے کی بات نہیں کرونگا‘ مجھ پر غداری کا مقدمہ شوق سے بنا لیں : الطاف حسین
لندن (نوائے وقت رپورٹ + صباح نیوز) ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ فوج کے بارے میں کئی سیاسی رہنماﺅں نے غیر مناسب باتیں کیں لیکن ان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی جب کہ عوام کے مطالبے پر ملک میں مزید صوبے بنانے کی بات کرنے پر بھی مجھے غدار کہا جارہا ہے۔ امریکی شہر ہیوسٹن میں کارکنوں کے اجتماع سے ٹیلی فونک خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اب حالات کتنے ہی خراب کیوں نہ ہوں اور تنظیم کے ذمہ داران کتنی ہی غفلت اور کوتاہی کا مظاہرہ کیوں نہ کریں، چاہے کیسے ہی حالات ہوں، اب تنظیم کی قیادت سے علیحدگی اختیارکرنے کی بات نہیں کروں گا، تحریک کی قیادت کرتا رہوں گا اور آخری سانس تک جدوجہد جاری رکھوں گا۔ انہوں نے کہا کہ میری ایک تقریر کو جواز بناکر ایم کیوایم کے خلاف الزامات اور پروپیگنڈوں کا طوفان کھڑاکردیاگیا ہے، مجھ پر مقدمات کی باتیں کی جارہی ہیں اور میرے خطابات پر پابندیوں کے لئے ٹی وی چینلزکوحکم نامے جاری کئے جارہے ہیں جب کہ میں نے نہ تو فوج کو برا بھلا کہا اور نہ ہی را سے کوئی مدد مانگی تھی اس کے باوجود میں نے اداروں اور عوام سے معافی مانگی لیکن اگر پھر بھی میرے خلاف آرٹیکل 6کے تحت مقدمہ قائم کیا جاتا ہے یا ایم کیو ایم کوکالعدم قرار دیا جاتا ہے تو شوق سے کیا جائے۔ قائد ایم کیو ایم کا کہنا تھا کہ کئی سیاسی رہنماﺅں نے فوج کے بارے میں غیرمناسب باتیں کیں لیکن ان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی، منور حسن نے پاک فوج کے خلاف لڑنے والے طالبان کو شہید قراردیا اور پاک فوج کے افسروں اور جوانوں کو شہید ماننے سے انکار کرکے ان کی توہین کی لیکن ان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی، نوازشریف جیل میں قید ہوئے توان کے بیٹے نے مددکیلئے بھارت کے وزیراعظم کوخط لکھا ان کے خلاف بھی کوئی کارروائی نہیں ہوئی جب کہ عمران خان نے اپنی ایک تقریر میں جرنیلوں کے بارے میں تحقیر آمیز جملے اداکئے اسی طرح غلام مصطفی کھر نے بھارتی ٹینکوں پر بیٹھ کر پاکستان میں آنے کی بات کی لیکن وہ آج بھی معززہیں۔ الطاف حسین نے کہا کہ بہتر حکمرانی کے لئے دنیا بھرمیں نئے نئے صوبے اور انتظامی یونٹس قائم کئے جاتے ہیں ، میں نے بھی عوام کے مطالبے پر پاکستان میں مزید صوبے بنانے کی بات کی تو اس پر بھی مجھے غدار کہا جارہا ہے، ایم کیو ایم جیسی لبرل جماعت کو آج غدار قراردے کر ہر طرف سے کچلنے کی کوشش کی جارہی ہیں، ہم پر چاہے جتنا ہی ظلم اور پروپیگنڈہ کیا جائے ہمارے حوصلے پست نہیں ہوں گے ۔
الطاف