پاکستان کرکٹ بورڈ میں من پسند افراد کو نوازنے کا موسم عروج پر
لاہور (حافظ محمد عمران/ نمائندہ سپورٹس) پاکستان کرکٹ بورڈ میں من پسند افراد کو نوازنے اور خزانہ لٹانے کا موسم زوروں پر ہے۔ کرکٹ بورڈ کا (وائی ٹی ٹی) گروپ بورڈ چیئرمین اور دیگر چند اہم عہدیداروں کا منظور نظر ہونے کی وجہ سے موجیں مار رہا ہے اور کوئی کام کئے بغیر لاکھوں ماہانہ تنخواہیں وصول کر رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق چند ماہ پہلے چند افراد کی خدمات سٹرٹیجک پالیسی بنانے کیلئے حاصل کی گئیں تھیں۔ اس دوران کرکٹ بورڈ میں ان افراد نے کوئی کام نہیں کیا لیکن پھر بھی ایک سال مکمل ہونے سے پہلے ہی ان منظور نظر افراد کی تنخواہوں میں اضافے پر کام شروع ہو گیا ہے۔ذرائع کے مطابق ’’سٹرٹیجک پالیسی‘‘ کے نام پر گروپ نے پریذیٹیشن تیار کی تھی جسے سینئر افسر نے دوبارہ لکھنے کی ذمہ داری نبھائی۔ بورڈ کی راہداریوں میں یہ گروپ ’’ینگ تھنک ٹینک‘‘ اور ’’یس تھنک ٹینک‘‘ کے نام سے مشہور ہے۔ (وائی ٹی ٹی) کے نام سے مشہور اس گروپ کا ایک نمائندہ چند روز قبل چیف کیوریٹر آغا زاہد کے پاس پچز کی رپورٹ مرتب کرنے کیلئے جا پہنچا۔ غیر ضروری سوالات کرنے پر آغا زاہد نے موصوف کو جھاڑ پلا کر چلتا کیا۔ بورڈ میں کام کرنے والے دیگر حقدار افراد (وائی ٹی ٹی) گروپ پر چیئرمین ڈ اور ایک اہم عہدیدار کی نوازشات کی وجہ سے خاصے مضطرب ہیں۔ ’’یس تھنک ٹینک‘‘ کی بغیر کام کے تنخواہ میں اضافے کی تیاریوں پر بورڈ ملازمین میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے ’’ینگ تھنک ٹینک‘‘ کے افراد کو ملازمت بھی سروس رولز کے برعکس دی گئی ہے۔