اے کرکٹ:پاکستان نے سری لنکا کو تیسرے ون ڈے میں شکست دیدی
لاہور(نمائندہ سپورٹس )پاکستان اے نے سری لنکا اے کو غیر سرکاری ون ڈے سیریز کے تیسرے میچ میں شکست دیدی۔ سیریز میزبان ٹیم نے دو ایک سے جیت لی۔ میزبان ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ پچاس اوور میں 277 رنز بنائے۔کشال پریرا نے 87‘ڈی جے سوریا نے 67رنز کی اننگز کھیلی۔عماد وسیم نے 4‘ضیاء الحق اور بلاول بھٹی نے دو دو جبکہ میر حمزہ اور تابش خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ جواب میں پاکستان اے نے ذمہ دارانہ کھیل پیش کیا۔ بنگلہ دیش کے خلاف ٹی 20 انٹرنیشنل میں ڈیبیو کرنے والے مختار احمد 96 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جس سے ٹیم فتح کے قریب ہو گئی‘خرم منظور31‘علی وقاص 26 ‘اسرار اللہ 9رنز بنا سکے۔۔ کپتان فواد عالم نے قائدانہ بلکہ فاتحانہ اننگز کھیلی ان کے ناٹ آؤٹ70 رنز نے پاکستان اے کو6 وکٹوں سے کامیابی دلائی۔محمد رضوان 18رنز پر ناقابل شکست رہے۔ اس جیت کے باوجود تین میچوں کی سیریز دو ایک سے سری لنکا اے کے نام ہو گئی۔دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا چار روزہ غیر سرکاری میچ 6سے 9مئی تک کھیلا جائے گا۔