• news

انٹر پارٹی الیکشن تحقیقات ‘ ٹربیونل کی طلبی سے عمران پریشان

اسلام آباد (عزیز علوی) تحریک انصاف کے انٹرا پارٹی الیکشن کی تفتیش کیلئے بنائے گئے جسٹس وجیہہ الدین ٹریبونل کی سفارشات مان کر ان پر عملدرآمد نہ کرنے پر ٹریبونل کی جانب سے چیئرمین عمران خان کی کراچی میں طلبی، پارٹی کے سیکرٹری جنرل جہانگیر ترین کو شوکاز نوٹس نہ دینے اور پارٹی میں جوڈیشل کمشن کی رپورٹ کی سفارشات کے مطابق اگلے انٹرا پارٹی الیکشن تک نگران سیٹ اپ تشکیل نہ دینے کے واقعات پریشان کن صورتحال بن کے پی ٹی آئی کی قیادت کے سامنے کھڑے ہوگئے ہیں۔ عمران خان کی جانب سے جسٹس وجیہہ ٹریبونل توڑدینے اور جسٹس وجیہہ الدین کو اب خاموش ہوجانے کے مشورے سے پی ٹی آئی کی رول آف لاء کیلئے موقف کو بھی بڑے دھچکے کا سبب بنے ہوئے ہیں۔ چیئرمین پی ٹی آئی اس صورتحال سے پارٹی کو تیزی سے نکالنے کیلئے اپنی سیاسی کچن کیبنٹ کے ساتھ سر جوڑے بیٹھے ہیں لیکن اس ضمن میں انہیں کئی رکاوٹوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ پارٹی ذرائع عمران خان کو اس اختیار کو سامنے لانے کا مشورہ دے رہے ہیں جو جسٹس وجیہ الدین کی سربراہی میں ٹریبونل نے اپنی رپورٹ میں انہیں صورتحال کے مطابق کرنے کی اجازت دی تھی۔ ادھر جسٹس وجیہہ الدین پی ٹی آئی کے چیئرمین کی جانب سے انکے ٹریبونل کو توڑنے کے اقدام کو قبول کرنے کو بھی تیار نہیں جس سے جسٹس وجیہہ الدین کی جانب سے ٹریبونل کا اجلاس جاری رکھنے جبکہ عمران خان کی جانب سے اس ٹریبونل کو غیرموثر سمجھ کر الگ ہوجانے کے مشورے بھی نئی مشکلات کا باعث بن رہے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن