یمن: جنگ بندی کے لئے سلامتی کونسل میں روس کی قرارداد بے نتیجہ
نیویارک+ صنعا (نمائندہ خصوصی+ ایجنسیاں) سکیورٹی کونسل میں روس کی جانب سے یمن میں جنگ بندی کی پیش کی گئی قرارداد پر اتفاق رائے نہ ہوسکا۔ ایک غیرملکی خبر ایجنسی کے مطابق روس کی جانب سے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں قرارداد پیش کی گئی تھی، قرارداد میں یمن میں جاری جنگ کو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر فوری طور پر روکنے کا مطابہ کیا گیا تھا تاہم سلامتی کونسل کے ارکان کا کہنا تھا کہ انہیں اس قرارداد پر غور کرنے کیلئے مزید وقت درکار ہے۔ یمن میں ہونے والے بمباری کیساتھ ساتھ دوسری جانب اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس ہوا مگر اسکے کوئی نتائج برآمد نہ ہوسکے۔ مغربی اور عرب ممالک نے فوری جنگ بندی کی اپیل کی حمایت نہیں کی۔ روس نے درخواست میں 15 رکنی سلامتی کونسل سے کہا کہ حوثیوں کیخلاف کارروائی کو زیربحث لائیں۔ شدید بمباری سے خوراک، تیل اور ادویات کی شدید قلت ہے۔ بند کمرے میں ہونیوالے اجلاس روس نے بیان کا مسودہ پیش کیا جس میں فوری جنگ بندی کی اپیل کی گئی تھی۔ قرارداد منظور نہ ہونے پر روسی سفیر وٹالی چورکن اپنے ساتھی سفارتکاروں کی خاموشی پر برس پڑے۔ دریں اثناء یمن میں حوثی باغیوں نے دارالحکومت صنعا کے مرکزی بین الاقوامی ہوائی اڈے کے رن ویز پر بمباری اور انکے ناقابل استعمال ہونے کے بعد شہر کی ایک بڑی گراؤنڈ کو ہوائی جہازوں کے ’’رن وے‘‘ میں تبدیل کردیا ہے۔ العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق مقامی میڈیا نے عینی شاہدین کے حوالے سے اطلاع دی ہے کہ حوثی ملیشیا نے صنعا ہوائی اڈے کے متبادل کے طور پر ’’میدان السبعین‘‘ کو ایرانی ہوائی جہازوں کیلئے ’’رن وے‘‘ میں تبدیل کردیا ہے۔ گرائونڈ میں لگے سیمٹی بلاک اور دیگر رکاوٹیں ہٹا دی گئی ہیں تاکہ جہازوں کی لینڈنگ اور ٹیک آف میں کسی قسم کی مشکل پیش نہ آئے۔خیال رہے کہ حال ہی میں سعودی عرب کی قیادت میں اتحادی ممالک کے طیاروں نے صنعا کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر بمباری کرکے اسکے رن وے اس وقت تباہ کردئیے تھے جب مسلسل ایرانی جہازوں کی صنعا آمد کا سلسلہ شروع ہوگیا تھا۔ ایران سے آنیوالے ہوائی جہازوں میں مبینہ طور پر حوثی باغیوں کیلئے فوجی سازوسامان، اسلحہ اور دیگر ضروری اشیا لائی گئی تھیں۔ رن وے کو تباہ کیے جانے کے بعد ایرانی جہازوں کی آمد کا سلسلہ بند ہوگیا ہے۔ ایران نے کہا ہے کہ وہ یمن کے ساتھ سلامتی کے مفادات کا ہر ممکن تحفظ کریگا۔ ایران کے نائب وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے کہا ہے کہ ایران علاقائی طاقتوں کو یمن میں سکیورٹی مفادات کو نقصان نہیں پہنچانے دیگا۔امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے کہا ہے کہ امریکہ یمن کے بحران کے خاتمے کیلئے ہرممکن اقدامات کر رہا ہے۔ یمن بالکل تباہ ہونے والا ہے۔