رمضان سے پہلے نواز شریف چاروں صوبوں کے مختلف شہروں کا دورہ کریں گے
لاہور (فرخ سعید خواجہ) وزیراعظم محمد نوازشریف چاروں صوبوں میں عوامی رابطہ مہم شروع کریں گے۔ رمضان المبارک شروع ہونے سے پہلے وزیراعظم سندھ بلوچستان، خیر پی کے اور پنجاب کے مختلف حصوں کے دورے کریں گے۔ وزیراعظم نوازشریف اور مسلم لیگ (ن) کے مرکزی صدر محمد نوازشریف کو صوبوں کے دورے کرنے کی تجاویز پارٹی کے سینئر لیڈروں اور انکے قابل اعتماد ساتھیوں نے دی ہے۔ وزیراعلیٰ شہبازشریف بھی اس حق میں ہیں کہ مسلم لیگ (ن) کے قائد مختلف صوبوں میں نکلیں۔ پارٹی کے ذمہ دار ذرائع نے بتایا کہ نوازشریف کو پارٹی کے سینئر ساتھیوں کی جانب سے مشورہ دیا گیا ہے کہ دہشت گردی کے طوفان پر بہت حد تک قابو پا لیا گیا ہے۔ توانائی کے بحران سے نمٹنے کیلئے انکی کاوشیں رنگ لانے لگی ہیں لہٰذا اب انہیں عوامی سطح پر رابطے پارٹی عہدیداروں اور کارکنوں سے رابطوں کا سلسلہ شروع کرنا چاہئے۔ ذمہ دار ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ وزیراعظم نوازشریف نے تجویز کو پسند کیا اور اپنے نائبین کو ہدایت کی کہ وہ انکے دوروں کا پروگرام مرتب کریں۔