• news

لوڈشیڈنگ جاری، پشاور میں صارفین کا واپڈا ہائوس کے باہر کفن پوش دھرنے کا اعلان

شر قپور شریف+ پشاور (نامہ نگار+ این این آئی) کئی شہروں میں لوڈشیڈنگ جاری ہے، پشاور میں لوڈشیڈنگ کے ستائے صارفین نے واپڈا ہائوس کے باہر کفن پوش دھرنا دینے کا اعلان کردیا۔ شورکوٹ سے نامہ نگار کے مطابق شہر اور نواحی علاقوں میں غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ موسم گرما کے آغاز سے ہی دورانیہ 16 گھنٹے سے تجاوز کر گیا ہے جس سے کاروبار زندگی ٹھپ ہو کر رہ گئے ہیں۔ شہر کے عوامی و سماجی حلقوں نے حکام اعلی سے اپیل کی ہے کہ لوڈشیڈنگ کا باقاعدہ شیڈول جاری کیا جائے اور غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ فوری طور پر بند کیا جائے۔ دوسری طرف پشاور کے حلقہ پی کے 10 کے رہائشیوں نے اووربلنگ اور بدترین لوڈشیڈنگ کیخلاف واپڈا ہائوس کے باہر کفن پوش دھرنے اور واپڈا چیف کو بجلی کے میٹرز تحفے کے طور پر پیش کرنے کا اعلان کردیا۔ پشاور پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے جان افضل‘ خادی محمد‘ عجب گل‘ ڈاکٹر فرید اللہ اور بشیر اللہ کا کہنا تھا کہ وفاقی وزیر مملکت برائے پانی وبجلی عابد شیر علی حلقہ پی کے 10 میں سیاسی انتقام لینے کیلئے لوڈشیڈنگ کراتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ علاقے کے 80 فیصد لوگ بجلی بل ادا کرتے ہیں، اسکے باوجود وہاں بجلی لوڈشیڈنگ کی جاتی ہے۔ انہوں نے دھمکی دی کہ اگر ناجائز جرمانوں‘ اووربلنگ اور ناروا لوڈشیڈنگ کا سلسلہ ختم نہ کیا گیا تو وہ واپڈا ہائوس کے باہر کفن پوش دھرنا دینے سمیت چیف ایگزیکٹو پیسکو کو میٹر تحفے کے طور پر پیش کریں گے۔شرقپور شریف سے نامہ نگار کے مطابق شرقپور میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے کاروبار ٹھپ ، لوگوں کی زندگیاں اجیرن ہوگئیں، واپڈا نے غیر اعلانیہ طور پر 14 سے 16 گھنٹے تک لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے مساجد میں پانی کی بھی قلت، شہریوں کا فوری لوڈشیڈنگ ختم کرنے کا مطالبہ۔

ای پیپر-دی نیشن