• news

بھارت کشمیر کو متنازعہ تسلیم کرے، پاکستان کو آزاد کشمیر سے فوجی انخلا پر راضی کرنا ہماری ذمہ داری ہے: علی گیلانی

سرینگر(اے این این) کل جماعتی حریت کانفرنس(گ) کے چیئرمین سید علی گیلانی نے کہا ہے کہ بھارت کشمیر کو متنازعہ علاقہ تسلیم کرے،پاکستان کو آزادکشمیر سے فوجی انخلاء پر راضی کرنا ہماری ذمہ داری ہو گی،ہندو پنڈتوں کی آباد کاری قبول نہیں،کشمیر کو ہندو سٹیٹ بنا کر مسلمانو ں کو مذہب تبدیل کرنے پر مجبور کیا جائے گا،ریاست بدر یا قتل بھی کیا جا سکتا ہے،بھارتی یاتریوں کی تعداد اور مدت کا تعین کیا جائے یاترا30دن سے زائد نہیں ہونی چاہیے،مفتی سعید اقتدار میں نہیں صرف کرسی پر ہیں ان کا ریموٹ کنٹرول آر ایس ایس کے ہاتھ میں ہے۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے ترال میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔گیلانی رات کے وقت پولیس کوچکمہ دے کر ترال پہنچنے میں کامیاب ہوئے۔ انہوں نے کہا کسی بھی سیاسی پارٹی کو ووٹ دینا کسی بھی مسلمان کے لئے جائز نہیں ہے کیونکہ یہ تمام پارٹیوں کے لوگ جھوٹ کا ساتھ دیتے ہیں۔خطاب میں گیلانی نے مسئلہ کشمیر کے حوالے سے اقوام متحدہ کے جنرل سیکرٹری با ن کی مون سے بھارت اور پاکستان پر دبائو بڑھانے اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے اپیل کی ۔ گیلانی نے کہا کہ اگر بھارت کشمیر کوایک متنازعہ علاقہ تسلیم کرے گا تو بقول انکے آزاد کشمیر سے پاکستانی فوج نکالنا ہماری ذمہ داری ہوگی۔انہوں نے کہا کہ بھارت طاقت کے نشے میں ہمارے سروں پر سوار ہوکر مونگ دل رہا ہے ۔

ای پیپر-دی نیشن