کولمبیا کے خفیہ ادارے کی سابق سربراہ کو 14 برس قید
لندن (بی بی سی) جنوبی امریکہ کے ملک کولمبیا کی خفیہ پولیس کی سابق سربراہ ماریہ ڈیل پلر پرٹاڈو کو سیاست دانوں، ججوں اور صحافیوں کے جاسوسی کرنے پر 14 سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔ 51 سالہ ماریہ ڈیل پلر پرٹاڈو نے سنہ 2007 سے 2008 درمیان انتظامی سکیورٹی کے شعبے کی سربراہ کے طور پر کام کیا تھا اور اسی دوران بدانتظامیاں ہوئیں۔ اب یہ شعبہ تحلیل کر دیا گیا ہے۔ انھیں فون کالز خفیہ طور پر ریکارڈ کرنے اور سرکاری عہدے کے غلط استعمال کے جرم میں یہ سزا سنائی گئی ہے۔ جن لوگوں کو نشانہ بنایا گیا تھا ان میں اس وقت کے صدر الوارو ارائب کے سیاسی مخالفین شامل تھے۔ سابق صدر ارائب کے چیف آف سٹاف برنارڈو موریرو کو ان اقدامات میں شامل ہونے کے باعث آٹھ سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔ کولمبیا کی سپریم کورٹ نے سابق صدرالوارو ارائب کے اس سکینڈل میں مبینہ کردار کے حوالے تحقیقات کرنے کا حکم بھی دیا ہے۔ وہ اس وقت سینیٹر اور دائیں بازو سے تعلق رکھنے والی حزب اختلاف کی جماعت کے سربراہ ہیں۔