لوڈشیڈنگ میں مزید اضافہ‘ پانی بھی غائب‘ نارنگ منڈی میں احتجاجی مظاہرہ
لاہور+ اسلام آباد+ راولپنڈی (نامہ نگاران+ آن لائن+ نوائے وقت رپورٹ) گرمی کی شدت میں اضافے کے ساتھ لوڈشیڈنگ بھی بڑھ گئی ہے اور بدترین لوڈشیڈنگ کا سلسلہ گزشتہ روز بھی جاری رہا، بجلی کا شارٹ فال 4600 میگا واٹ سے بڑھ گیا۔ شہری علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 10 گھنٹے تک رہا جبکہ دیہات میں 14 سے 18 گھنٹے تک بجلی بند رہی جس کے باعث لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا رہا اور کاروبار شدید متاثر ہوئے اور لوگ سراپا احتجاج بنے رہے جبکہ کئی علاقوں میں پانی کی شدید قلت رہی۔ لوڈشیڈنگ کیخلاف نارنگ منڈی میں بھی شدید احتجاج کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق بجلی کے شارٹ فال کی وجہ سے شہری علاقوں میں لوڈشیڈنگ 9 گھنٹے جبکہ دیہی علاقوں میں 18گھنٹے سے تجاوز کرگئی ہے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق ملک میں بجلی کا شارٹ فال 4600 میگاواٹ تک پہنچ گیا ہے۔ آئندہ ماہ میں لوڈشیدنگ میں مزید تیزی کا امکان ہے۔ نارنگ منڈی سے نامہ نگار کے مطابق نارنگ منڈی وگردونواح میں بجلی اور گیس کی بدترین لوڈشیڈنگ پر پورا علاقہ سراپا احتجاج بن گیا۔ خواتین برتن اٹھائے گھروں سے نکل آئیں اور بجلی، گیس کے بلوںکوآگ لگا دی۔ مظاہرین نے شدید احتجاج کرتے کہاکہ 8 ماہ سے روزانہ صبح 6 بجے سے رات 10 بجے تک بجلی، گیس کی لوڈشیڈنگ نے عوام کو نفسیاتی مریض بنا دیا ہے، پورا علاقہ بجلی، گیس کی لوڈشیڈنگ سے پریشان ہے۔ ادھر راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ کی گئی۔ نجی ٹی وی کے مطابق ڈھوک پراچہ، سکس روڈ اور گرد و نواح میں گزشتہ روز 10 گھنٹے سے زائد بجلی بند رہی جس کے باعث پانی کی شدید قلت سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔