دادو : بجلی کے تار بس پر گرنے سے آگ لگ گئی‘ 12 باراتی زندہ جل گئے‘ دولہا اور دلہن سمیت چالیس افرادزخمی
دادو + خیرپور ناتھن شاہ+لاہور (نامہ نگار+خبر نگار + ایجنسیاں) دادو کے علاقے خیرپور ناتھن شاہ میں باراتیوں کی بس بجلی کے تار سے ٹکرا گئی جس سے بس میں آگ لگ گئی، 12 باراتی جھلس کر جاںبحق جبکہ 40 زخمی ہو گئے۔ بجلی کی تار ٹکرانے کے بعد بس میں کرنٹ کے باعث آگ لگی۔ واقعہ کے بعد ریسکیو ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ گئیں۔ جاں بحق ہونیوالوں میں دولہا کی ماں سمیت خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ دادو کا رہائشی شبیر ببر نکاح کے بعد دلہن اور دیگر رشتے داروں کے ہمراہ بید شریف سے خوشی خوشی واپس خیرپور ناتھن شاہ جارہا تھا کہ کنڈو چکھی کے قریب بس 11 ہزار کلو واٹ ہائی ٹینشن وائرز سے ٹکرا گئی اور تار گرنے سے آگ لگ گئی۔ جس نے دیکھتے ہی دیکھتے بس کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ مرنے والے تمام افراد کا تعلق ایک ہی گاﺅں سے ہے اور سب آپس میں رشتے دار ہیں۔ شادی والا گھر ماتم کدہ بن گیا۔ ترجمان وزیراعظم ہاﺅس کے مطابق دادو خیرپور ناتھن میں بس حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے نقصان پر وزیراعظم نواز شریف نے دکھ اور لواحقین سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے اور مرحومین کی مغفرت کے لئے دعا کی ہے اور صوبائی حکومت کو زخمیوں کو بہتر طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔ صدر ممنون حسین‘ وزیر داخلہ چودھری نثار خان‘ اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ‘ پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان‘ متحدہ کے قائد الطاف حسین‘ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف، سراج الحق اور دیگر سیاسی و مذہبی رہنماﺅں نے بھی دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ سکھر الیکٹرک پاورکمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر فرمان اللہ نے نجی ٹی وی کو بتایا کہ بارات کی واپسی پر بس کے اوپر رکھے ہوئے جہیز کے سامان میں پیٹی11 کے وی کی تاروں سے ٹکرا گئی۔ ایک سوال پر سیپکو سی ای او نے کہا کہ خیرپور ناتھن شاہ میں جہاں یہ واقعہ پیش آیا وہاں تاروں کی اونچائی زمین سے 17یا18 فٹ تھی جبکہ یہ اونچائی 25 فٹ ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ذمہ داروں کے خلاف تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ ہسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ جاںبحق افراد میں 7 خواتین 2 بچے اور 2 مرد شامل ہیں۔ زخمیوں میں سے بعض افراد 70 سے 80 فیصد جھلسے ہوئے ہیں جاںبحق افراد کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے۔ لاہور سے خبر نگار کے مطابق وزےراعلیٰ پنجاب شہبازشرےف نے دادو میں بجلی کے تار گرنے سے بس میں آتشزدگی سے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسو س کا اظہار کیا ہے۔ دریں اثنا دادو میں کرنٹ لگنے سے ہلاکتوں پر تین واپڈا ملازم معطل کر دیئے گئے۔ پیپکو حکام کے مطابق ایس ڈی او، لائن سپرنٹنڈنٹ اور لائن مین کو فرائض میں غفلت پر معطل کیا گیا۔ بی بی سی کے مطابق عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ کئی افراد نے بس سے چھلانگ لگاکر اپنی جان بچائی۔ زخمیوں کو مہر اور لاڑکانہ کے ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔
دادو بارات حادثہ