ذکی الرحمن لکھوی کو قید رکھنا لازمی نہیں : دفتر خارجہ‘ معاملہ آئندہ اجلاس میں اٹھائیں گے‘ سلامتی کونسل کی بھارت کو یقین دہانی
نےوےارک (آن لائن + آئی این پی) اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے بھارت کو اس بات کی ےقےن دہانی کرائی ہے کہ وہ ممبئی حملوں کے ماسٹر مائنڈ ذکی الرحمن کی رہائی کا معاملہ آئندہ مےٹنگ مےں اٹھائےں گے۔ بھارت نے اقوام متحدہ کی کمےٹی کو لکھے گئے خط مےں لکھوی کی رہائی کے معاملے کو پاکستان سے اٹھانے کا مطالبہ اور معاملے مےں مداخلت کی اپےل کی تھی۔ غےرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق بھارت کے اقوام متحدہ میں مستقل مندوب اشوکے مکھرجی نے اقوام متحدہ کی پابندیوں سے متعلق کمیٹی کے سربراہ جم مےکلے کو خط تحریر کیا ہے جس میں ذکی الرحمٰن لکھوی کی ضمانت کو اقوام متحدہ کی قرارداد نمبر 1267 کی خلاف ورزی قرار دے کر مداخلت کی اپیل کی گئی ہے۔ خط میں اقوام متحدہ سے لکھوی کی رہائی کے معاملے کو پاکستان سے اٹھانے کا مطالبہ بھی شامل کےا گےا ہے۔ دریں اثنا دفتر خارجہ کی ترجمان تسنیم اسلم نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کی کمیٹی صرف القاعدہ سے منسلک دہشت گردوں کے اثاثے منجمد اور سفری پابندیاں عائد کر سکتی ہے جبکہ یہ لازم نہیں کہ اقوام متحدہ کی کمیٹی کی پابندیوں کی زد میں آئے افراد کو حراست میں رکھا جائے۔ وہ ذکی الرحمن لکھوی کے حوالے سے بھارت کے سلامتی کونسل سے رجوع کرنے کے فیصلے پر ردعمل کا اظہار کر رہی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی ملک اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی مذکورہ بالا ذیلی کمیٹی سے رجوع کر سکتا ہے تاہم سلامتی کونسل کی کمیٹی کے پاس تین اختیارات موجود ہیں جن کے تحت وہ القاعدہ سے منسلک دہشت گردوں پر پابندی عائد کر سکتی ہے۔ ان کے اوپر سفری پابندیاں عائد کر سکتی ہے اور ان کے اثاثے منجمد کر سکتی ہے جبکہ یہ لازم نہیں کہ سلامتی کونسل کی کمیٹی کی پابندیوں کی زد میں آنے والے افراد کو حراست میں رکھا جائے۔
سلامتی کونسل / پاکستان