بچوں کے جھگڑے پر فائرنگ سے پیپلز پارٹی بچیانہ کے صدر رانا شفاقت قتل
بچیانہ /لاہور/ کراچی (نمائندہ نوائے وقت+خبرنگار+ آن لائن) بچوں کے معمولی جھگڑے پر مخالفین نے فائرنگ کرکے پیپلز پارٹی بچیانہ کے صدر ک قتل کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق چک نمبر656/7گ ب کے رہائشی پیپلز پارٹی بچیانہ کے صدر رانا شفاقت کا گاﺅں ہی کے رہائشی رانا اجمل کے ساتھ بچوں کی معمولی لڑائی پر 15روز قبل توں تکرار ہوئی تھی جس کی معززین علاقہ نے صلح کروا دی تھی لیکن رانا اجمل وغیرہ نے رنجش دل میں رکھی اور گزشتہ روز صبح10بجے بچیانہ میں قائم پیپلز پارٹی کے دفتر میں بیٹھے ہوئے رانا شفاقت پر اندھا دھند فائرنگ شروع کردی جس کے نتیجہ میں رانا شفاقت موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔ جس کے بعد مارکیٹ سوگ میں مکمل طور پر بند ہوگئی۔ مقامی پولیس نے نعش ضروری کارروائی کے بعد ورثاءکے حوالے کرکے حبیب، اجمل، فاروق، سیف الملوک، مون اور کاکا کے خلاف مقدمہ درج کرکے ملزمان کی تلاش کیلئے چھاپے مارنا شروع کر دئیے۔ مقتول نے سوگواران میں ایک بیوہ، دو بیٹے اور چار بیٹیاں چھوڑی ہیں۔ مقتول رانا شفاقت کو نماز جنازہ کے بعد مقامی قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔ مرحوم کے قل آج ہوں گے۔ دوسری طرف وزیراعظم نواز شریف اور وزیراعلی شہباز شریف نے بچیانہ میں فائرنگ سے پیپلز پارٹی کے رہنما رانا شفاقت کے قتل کی خبر کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او فیصل آباد سے رپورٹ طلب کر لی اور ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دیا ہے۔ پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری نے رانا شفاقت کے قتل کی سخت مذمت کرتے ہوئے وفاقی اور پنجاب حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ پی پی پی کے مقتول رہنما کے قتل میں ملوث مجرموں کو قانون کی گرفت میں لا کر سخت سزا دلوائی جائے۔ اپنے ایک تعزیتی پیغام میں انہوں نے کہا کہ غم کی اس گھڑی میں پیپلز پارٹی شہید شفاقت رانا کے خاندان کے ساتھ برابر کے شریک ہیں۔
رانا شفاقت قتل