ذوالفقار مرزا کی نازیبا زبان کا منہ توڑ جواب دینگے، خواتین ارکان اسمبلی پیپلز پارٹی
کراچی (سٹاف رپورٹر) پیپلز پارٹی کی خواتین ارکان سندھ اسمبلی نے کہا کہ ہے کہ ذوالفقار مرزا کی نازیبا زبان کا منہ توڑ جواب دیں گی، مردانگی مونچھیں رکھنے سے نہیں خواتین کی عزت کرنے سے آتی ہے، مرزا جس تھالی میں کھاتے ہیں اسی میں چھید کرتے ہیں۔ پیپلز پارٹی کی قیادت کیخلاف ذوالفقار مرزا کے مسلسل بیانات پر سندھ اسمبلی کی ڈپٹی سپیکر شہلا رضا، شرمیلا فاروقی، روبینہ قائم خانی، کلثوم چانڈیو اور دیگر ارکان اسمبلی نے کہا کہ پیپلز پارٹی پر ایک ایسا شخص کیچڑ اچھال رہا ہے جسے کوئی جانتا ہی نہیں۔ ذوالفقار مرزا زبان کو لگام دیں، خواتین کے بارے میں بیہودہ گفتگو پر منہ توڑ جواب دینا جانتی ہیں لیکن ذوالفقار مرزا کی سطح تک نہیں گریں گی۔پارٹی کی خواتین کھڑی ہو گئی تو انہیں چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی۔ ہمت ہے تو پیپلز پارٹی کی جیالی کے خلاف الیکشن لڑ کے دیکھ لیں ان کی ضمانت ضبط ہو جائیگی۔ انہوں نے کہا پارٹی قیادت کے خلاف غیر پارلیمانی زبان برداشت نہیںکی جائیگی۔