ہاکی فیڈریشن میں خواتین ونگ ختم ہونے کے باوجود عہدوں، اختیارات کی جنگ جاری
لاہور (چودھری اشرف) پاکستان ہاکی فیڈریشن نے کانگرس اجلاس میں چھ ماہ قبل پی ایچ ایف ویمن ونگ تو ختم کر دی لیکن خواتین کے درمیان عہدوں اور اختیارات کے حصول کی جنگ تاحال ختم نہیں ہو سکی۔ ہاکی فیڈریشن کے صدر اولمپین اختر رسول نے معاملے کی نزاکت کو دیکھتے ہوئے سیکرٹری پی ایچ ایف اولمپین رانا مجاہد اور سیکرٹری ویمن ونگ تنزیلہ عامر چیمہ کو آج خصوصی میٹنگ کیلئے بلالیا ہے۔ ہاکی فیڈریشن کا کانگرس اجلاس گذشتہ سال دسمبر میں منعقد ہوا تھا جس میں انٹرنیشنل ۔ہاکی فیڈریشن کے آئین کے مطابق پی ایچ ایف سے بھی ویمن ونگ کو ختم کر دیا گیا تھا اور طے پایا تھا کہ چاروں صوبائی سیکرٹریز کو ایگزیکٹو بورڈ میں شامل کیا جائیگا جس کے بعد سے ہاکی فیڈریشن کی ویمن ونگ میں مسلسل اختلافات شدت اختیار کرنا شروع ہو گئے۔ پی ایچ ایف ذرائع نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ ویمن ونگ کی سیکرٹری تنزیلہ عامر چیمہ اور سابق سیکرٹری پروین سکندر گل کے درمیان پاکستان ہاکی فیڈریشن جنرل منیجر ویمن ونگ عہدے کے حصول کیلئے جنگ شدت اختیار کر گئی ہے۔ نئے عہدے کے حصول کیلئے پاکستان ویمن ہاکی سے وابستہ خواتین دو گروپوں میں تقسیم ہو گئی ہیں جس کی وجہ سے ویمن ہاکی کو شدید نقصان ہو رہا ہے۔ ہاکی فیڈریشن کے صدر اختر رسول کا کہنا تھا کہ انکے نوٹس میں بات آئی ہے اور انہوں نے سیکرٹری پی ایچ ایف رانا مجاہد اور تنزیلہ عامر چیمہ کو آج طلب کیا ہے تاکہ مسئلے کا کوئی مثبت حل نکالا جا سکے۔