عوامی تحریک کا 17مئی کو اسلام آباد، 17جون کو ملک گیر احتجاج کا اعلان
لاہور (خصوصی نامہ نگار) عوامی تحریک کی فیڈرل کونسل کے اجلاس کے بعد مرکزی صدر ڈاکٹر رحیق عباسی نے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ 11مئی کو غیرآئینی حکومت کے خلاف یوم سیاہ منانے اور وفاقی حکومت کی دہشت گردانہ اور قاتلانہ کارکردگی پر بلیک پیپر جاری کریں گے، جب تک عوامی تحریک کا ایک کارکن بھی زندہ ہے سانحہ ماڈل ٹائون پر سمجھوتہ نہیں ہو گا۔ 17مئی کو اسلام آباد اور 17جون کو ملک گیر احتجاج ہو گا۔ جب تک شہبازشریف وزیراعلیٰ ہے، شفاف تحقیقات نہیں ہو سکتیں، ہمارے بے گناہ کارکنوں کو سزائیں سنائی جا رہی ہیں۔ پنجاب حکومت ممنوعہ اسلحہ کا ٹرک منہاج القرآن سیکرٹریٹ سے برآمد کرنا چاہتی تھی یہ سازشی منصوبہ لاہور کے محب وطن اور انسان دوست صحافیوں نے ناکام بنایا، ملک میں سرمایہ کاری کا مثالی ماحول ہے تو وزیراعظم اپنا اور اپنے خاندان کا بیرونی ملکوں میں پڑا سرمایہ پاکستان لائیں، لوڈشیڈنگ اور مہنگائی میں اضافہ حکمرانوں کی مکمل ناکامی ہے، حکومت نیشنل ایکشن پلان پر عمل نہیں کر رہی، صرف فوج تنہا دہشت گردوں سے لڑ رہی ہے، کراچی کا آپریشن بلاامتیاز ہو رہا ہے، فوج کے خلاف تنقید قابل مذمت ہے، فوج کے خلاف جب بھی سازش ہوتی ہے وزیراعظم آئی ایس پی آر کا بیان آنے تک چپ رہتے ہیں، ن لیگ دہشت گردوں کا سیاسی ونگ ہے۔