• news

سیاسی سرگرمیاں‘ ناقص کارکردگی‘ سی پی او چودھری سلطان احمد کو رخصت پر بھیج دیا گیا

ملتان (محمد مظہر سے) ذرائع کے مطابق حکومت پنجاب نے مبینہ طور پر سیاسی سرگرمیوں میں ملوث سابق سی پی او ملتان چودھری سلطان احمد کو رخصت پر بھیج دیا ہے۔ سابق سی پی او ملتان پر ناقص کارکردگی کا بھی الزام تھا۔ ایس ایس پی چودھری سلطان احمد کو 2013ء میں سی پی او ملتان تعینات کیا گیا تھا۔ ان کی تعیناتی کے بعد ضلع ملتان میں جرائم کی شرح اور رشوت لینے کے واقعات میں اضافہ ہوا۔ دریں اثناء سابق سی پی او ملتان نے حکومت کی ایک مخالف سیاسی جماعت کی حمایت کا سلسلہ شروع کر رکھا تھا اور اس جماعت کے ایک مرکزی رہنما کے ساتھ ان کے قریبی تعلقات ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کانسٹیبلوں کے انٹرویو کے دوران انہیں سیاسی جماعت کے رہنما کی سفارش پر متعدد امیدواروں کو فائدہ پہنچایا گیا جبکہ سائل دھکے کھاتے رہے۔ حکومت کی مخالف سیاسی جماعت کے رہنما کی اپنے بھائی کے ساتھ مقدمے بازی چل رہی ہے، ان مقدمات میں بھی جانبداری کا مظاہرہ کیا گیا۔ دوسری طرف ایس ایس پی چودھری سلطان کے ملتان سے تبادلے پر تحریک انصاف نے سخت ردعمل ظاہر کیا اور ان کی واپس تعیناتی کا مطالبہ کیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن