دہشت گردی: کراچی، کوئٹہ سمیت ملک بھر کے شہروں میں خفیہ اداروں کے خصوصی آپریشنز زیر غور
لاہور (جواد آر اعوان/ نیشن رپورٹ) ملک بھر میں شہروں میں دہشت گردی کیخلاف انٹیلی جنس اداروں کی سربراہی میں خصوصی آپریشنز زیر غور ہیں۔ اس حوالے سے کراچی اور بلوچستان کے شہروں پر خصوصی توجہ دی جائیگی۔ سکیورٹی اسٹیبلشمنٹ کے باخبر ذرائع نے ’’دی نیشن‘‘ کو بتایا خفیہ ادارے کراچی، کوئٹہ اور بلوچستان کے دیگر شہروں میں ہونے والی دہشت گردی کے واقعات پر خصوصی نظر رکھے ہوئے ہیں اور سمجھتے ہیں کہ شہری دہشت گردی پر قابو پانے کیلئے سویلین اور پیرا ملٹری سکیورٹی فورسز کی حالیہ سٹریٹجی سے بڑھ کر کچھ اقدامات کرنا ہونگے۔ سول اور پیرا ملٹری سکیورٹی ادارے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے اپنی بھرپور کوششیں کررہے ہیں تاہم کراچی، بلوچستان اور ملک کے کئی دیگرشہروں میں ہونیوالی پرتشدد کارروائیوں کا سکیل ان اداروں کی استعداد سے بڑھ کر ہے اور شہری دہشت گردی کو ختم کرنے کیلئے فیصلہ کن اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ حالیہ دنوں میں کراچی سے پکڑے گئے ایک دہشت گرد نے انکشاف کیا ہے کہ اس نے مختلف مرحلوں پر بیرون ملک تربیت حاصل کی ہے جس میں اسے انسداد دہشت گرد ی فورسز کو شہر کی گلیوں میں مصروف رکھنے کی تربیت بھی دی گئی۔ اسی طرح سکیورٹی اداروں کی نگرانی سے بچنے اور اپنے ہدف کی نگرانی کرنے کی بھی ٹریننگ دی گئی ہے۔ یہ دہشت گرد روایتی نگرانی کے طریقوں سے بآسانی بچنے میں کامیاب رہا تھا اور آخرکار اسے ملک کی ایک بڑی انٹیلی جنس ایجنسی نے پکڑ لیا۔ ذرائع کے مطابق شہروں میں دہشت گردوں کے دیگر خفیہ نیٹ ورک بھی ہیں جن سے صرف سویلین سکیورٹی ادارے کامیابی سے نہیں نمٹ سکتے۔ محکمہ داخلہ کے ذرائع نے بھی دہشت گردوں کیخلاف شہروں میں خصوصی آپریشنز پر غور کئے جانے کی تصدیق کی ہے۔ واضح رہے حالیہ دنوں پنجاب سے ٹی ٹی پی کا رہنما حافظ ثناء اللہ عرف قاری ضرار آر اے بازار سے کنٹونمنٹ بورڈ کے الیکشن کے موقع پر دہشت گردی کی منصوبہ بندی کرنیوالا طاہر فاروقی، بھٹہ چوک سے یوحنا آباد حملے میں مبینہ ملوث عابد بیگ معاویہ گرفتار کئے گئے ہیں۔