شہباز شریف کا 7 گھنٹے طویل دورہ ٹریفک رواں دواں رہی
لاہور (خبر نگار) وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف گزشتہ روز علی الصبح راولپنڈی اسلام آباد میٹروبس پراجیکٹ کے معائنے کیلئے بغیر پروٹوکول اچانک صدر راولپنڈی پہنچے اور 7 گھنٹے طویل دورہ کیا اور بریفنگ اجلاس کی صدارت کی۔ وزیراعلیٰ نے میٹروبس اور بعض مقامات پر عام کوسٹر میں سفر کیا اور منصوبے کے روٹ کا معائنہ اور تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ کے ہمراہ ارکان قومی و صوبائی اسمبلی اور انتظامی افسران نے بھی کوسٹر میں سفر کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ گاڑیوں کے لمبے قافلوں کے ذریعے پروٹوکول کا دور گزر چکا ہے، اب میری طرح وزیر، وزراء اور بیوروکریسی کو بھی عوام کی خدمت حقیقی معنوں میں عوام کا خادم بن کر کرنی ہے۔ وزیراعلیٰ نے واضح ہدایات دیں کہ انکے دورے کے دوران کسی بھی مقام پر ٹریفک کو نہ روکا جائے اور وزیراعلیٰ کے دورے کے دوران تمام سڑکوں پر ٹریفک معمول کے مطابق رواں دواں رہی۔ وزیراعلیٰ نے فیض آباد میٹروبس سٹیشن اور دیگرمقامات کے معائنے کے موقع پر تعمیراتی کام میں مصروف مزدوروں اور محنت کشوں سے مصافحہ کیا اور ان کی کارکردگی کی تعریف کی۔