• news

ایران کیساتھ جوہری پروگرام پر معاہدہ10 سال نہیں ہمیشہ کے لئے ہو گا: امریکی وزیر خارجہ

تل ابیب (آن لائن) امریکہ کے وزیر خارجہ جان کیری نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ جوہری پروگرام کے حوالے سے معاہدے میں امریکہ اور عالمی طاقتیں کسی تناو کا شکار نہیں۔ یہ معاہدہ 10 سال کے لئے نہیں بلکہ ہمیشہ کے لئے ہو گا۔ اسرائیلی ٹی وی کو انٹرویو میں جان کیری نے مزید کہا کہ ایران اور عالمی طاقتوں کے درمیان جوہری پروگرام کے حوالے سے بہت سی باتیں کی جا رہی ہیں لیکن اس بارے حقائق اور ان کے پیچھے موجود سائنس جاننے کی اشد ضرورت ہے۔ ایران کے جوہری پروگرام کے حوالے سے رواں برس 30 جون کو متوقع حتمی معاہدے سے ہمیں تہران کے جوہری پروگرام کی جانچ پڑتال کے حوالے سے لا محدود رسائی حاصل ہو گی۔ جان کیری کا کہنا تھا کہ معاہدے کے تحت ایرانی جوہری پروگرام کا روزانہ کی بنیاد پرمعائنہ کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ میں پھر واضح کرنا چاہتا ہوں کہ ہم ایران کے ساتھ کوئی ایسا معاہدہ نہیں کرنے جا رہے جو اسے ایٹم بم بنانے کے قریب لے جائے اور جو معاہدے میں شامل عالمی ماہرین کو اعتماد نہ دے۔ یہ سارا عمل ہمیں ایران کی جوہری پروگرام کے حوالے سے سرگرمیوں سے آگاہ رکھے گا اور ہم ایران کو جوہری ہتھیار بنانے سے روک سکیں گے۔ دوسری جانب ایران کے وزیر خارجہ جواد ظریف نے نیویارک کی یونیورسٹی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم اپنے جوہری پروگرام کے حوالے سے عالمی شفافیت کو شامل کرنے کے خواہاں ہیں اور اس حوالے سے جلد از جلد حتمی معاہدہ کرنا چاہتے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن