موقع پرست بھارت نے مطلب نکلتے ہی آنکھیں پھیر لیں،اے ایف سی نائب صدارت کےلئے پاکستان سے کوئی ڈیل نہیں ہوئی، پرافل پیٹل
نئی دہلی(آن لائن) موقع پرست بھارت نے مطلب نکلتے ہی ایک بار پھر آنکھیں پھیر لیں ۔ بحرین میں ہونےوالے الیکشن میں پاکستان کے فیصل صالح حیات اور بھارتی پرافل پٹیل مدمقابل تھے، مگر پاکستانی آفیشل نے آخری گھنٹے میں دستبرداری کا فیصلہ کرلیا۔پی ایف ایف نے دعویٰ کیا تھا کہ دستبردار ہونے کا فیصلہ کچھ لو اور دو کی بنیاد پرہوا۔ بھارتی فٹبال صدر نے نائب صدارت کے بدلے تین پاکستانی کھلاڑیوں کی انڈین سپرلیگ میں شرکت اور باہمی سیریز کی بحالی پر حامی بھری تھی۔ پرافل پٹیل نے ڈیل کی تردید کردی۔ انھوں نے کہا کہ فیصل صالح حیات کا دستبرداری کا فیصلہ باہمی رضا مندی سے ہوا جو خطے میں فٹبال کے فروغ کیلئے انتہائی اہم اقدام ہے۔، اب بھارت پر جنوبی ایشیا میں کھیل کو آگے لے جانے کی ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔انھوں نے کہاکہ اس حوالے سے پاکستانی آفیشل سے کسی قسم کی کوئی ڈیل نہیں ہوئی، پڑوسی ملک کے کھلاڑیوں کی انڈین سپر لیگ کے گذشتہ سیزن میں شمولیت کے حوالے سے بھی غور فکر ہوئی تھی لیکن کسی بھی ٹیم میں انھیں شامل نہیں کیا گیا، آئندہ ایڈیشن میں بھی ایسا ہی ہوگا، البتہ اگر کسی کھلاڑی کو کوئی ٹیم اپنے اسکواڈ کا حصہ بنا لیتی ہے تو اسے اے ایف سی کی نائب صدارت کے بدلے کسی ڈیل کا نتیجہ نہ سمجھا جائے۔