زمبابوے کرکٹ ٹیم کا شاندار استقبال کرکے فول پروف سکیورٹی دینگے: رانا مشہود
لاہور (سپورٹس رپورٹر) ملائیشیا کے وزیر تعلیم سری ادریس جوسو اور ہائی کمشنر ڈاکٹر ہسرول سانی مجتبار کے اعزاز میں اتوار کے روز صوبائی وزیر تعلیم‘ کھیل اور سیاحت رانا مشہود احمد خان کی طرف سے سپورٹس بورڈ پنجاب میں تقریب کا اہتمام کیا گیا، میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر تعلیم ، کھیل رانا مشہود احمد خان نے کہاکہ کھیل کے شعبوں میں تعاون سے دونوں ملکوں کے عوام کو ایک دوسرے کے قریب آنے کا موقع ملے گا۔پنجاب انٹرنیشنل سپورٹس فیسٹیول میں ملائیشیا کی ٹیمیں بھی شرکت کررہی ہیں، جبکہ زمبابوے کی کرکٹ ٹیم کا پاکستان آمد پر شاندار استقبال کیا جائے گا اور ان کو فول پروف سکیورٹی فراہم کی جائے۔ملائیشیا کے وزیرادریس جوسو نے کہا کہ پنجاب یوتھ فیسٹیول نے مجھے انتہائی متاثر کیا ہے ، اس کا انعقاد بہت بڑا کارنامہ ہے جس پر میں صوبائی وزیر کھیل رانا مشہوداحمد خان کو مبارکباد دیتا ہوں ،میں نے پاکستان کے دورے کے دوران پاکستان کوملک اور قوم کو بھی بہت مثبت پایا ہے، بعدازاں ملائیشیا کے وزیرادریس کو سپورٹس بورڈ پنجاب اور نیشنل ہاکی سٹیڈیم کو دورہ بھی کرایا گیا۔انہوں نے نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں پنجاب یوتھ فیسٹیول میں حصہ لینے والے کھلاڑیوں سے مصافحہ کیا اور پاکستان زندہ باد اور پاک ملائیشیا دوستی کے نعرے لگوائے۔