• news

براڈ کاسٹر پر آئی سی سی تحفظات‘ پاکستان انگلینڈ دبئی سیریز کا انعقاد خطرے میں پڑ گیا

لاہور (نمائندہ سپورٹس/ سپورٹس رپورٹر) آئی سی سی کے براڈ کاسٹر پر تحفظات کے باعث پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان رواں سال کے آخر میں دبئی میں ہونے والی کرکٹ سیریز خطرات میں پڑ گئی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان اکتوبر نومبر میںمتوقع کرکٹ سیریز خطرات کا شکار ہو گئی کیونکہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے سیریز کے آفیشل براڈ کاسٹر ٹین سپورٹس سے کرکٹ کی باغی تحریک سے مبینہ وابستگی کے بارے میں سوالات کے جواب طلب کر لیے ہیں اور چینل کی طرف سے تسلی بخش جواب ملنے پر ہی سیریز کے لیے مجوزہ تاریخوں کی منظوری دی  جائے گی۔ دراصل آئی سی سی بھارت کی متنازعہ کمپنی ایسل Esselکی رجسٹرڈ کردہ کمپنیوں اور ویب سائٹس کے بارے میں تحقیقات کررہی ہے اور ٹین سپورٹس جس کے پاس پانچ ممالک کی ہوم سیریز کے حقوق ہیں وہ ایسل کمپنی کے تحت کام کررہا ہے۔ ایسل کمپنی کی شروع کردہ انڈین کرکٹ لیگ (آئی سی ایل) دو سیزن کے بعد 2009میں ختم ہوگئی تھی۔ ایسل کمپنی نے اگرچہ کرکٹ سرگرمیاں دوبارہ شروع کرنے کی تصدیق کی ہے مگر ٹین سپورٹس کے اپنے ساتھ شامل ہونے کی تردید کی ہے۔ تاہم آئی سی سی نے اس بارے میں ٹین سپورٹس سے وضاحتیں طلب کرلی ہیں۔ یہ خبر ایسے موقع پر سامنے آئی ہے جب کہ انگلینڈ کے کرکٹ بورڈ اور پی سی بی کے درمیان یو اے ای میں سیریز کے حوالے سے تفصیلات طے پاچکی ہیں۔ تاہم دورہ کی تاریخوں کو اس وقت تک حتمی شکل نہیں دی جاسکتی جب تک کہ دورہ کا آفیشل براڈ کاسٹر ٹین سپورٹس، ای سی بی کے سابق چیئرمین جائلز کلارک کی سربراہی میں قائم آئی سی سی کی تحقیقاتی کمیٹی کو مطمئن نہیں کر دیتا۔ موجودہ صورتحال میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے لئے یہ خبر خاصی پریشان کن ہے۔ پی سی بی رواں سال بھارت اور انگلینڈ کے خلاف متحدہ عرب امارات میں کرکٹ سیریز کے انعقاد کے لئے کوشاں ہیں۔ مالی لحاظ سے بھی دونوں ملکوں کے خلاف کھیلی جانے والی سیریز سے خاصا فائدہ متوقع ہے۔

ای پیپر-دی نیشن