سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے زمبابوے وفد کل لاہو ر آئے گا
لاہور(سپورٹس رپورٹر/ نمائندہ سپورٹس) زمبابوے کرکٹ ٹیم کے 19 مئی کو دورہ پاکستان کے موقع پر سکیورٹی انتظامات کو حتمی شکل دینے کے لئے پی سی بی حکام، آئی بی، سکیورٹی اداروں کے حکام کے درمیان خصوصی میٹنگ گذشتہ روز قذافی سٹیڈیم لاہور میں ہوئی۔ جس میں مہمان ٹیم کو دورہ میں فول پروف سکیورٹی فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ ذرائع نے بتایا کہ زمبابوے کرکٹ کا سکیورٹی وفد منگل اور بدھ کی درمیانی شب لاہور پہنچے گا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے سکیورٹی انچارج کرنل اعظم زمبابوے کرکٹ کے آنے والے سکیورٹی وفد کو نشتر سپورٹس کمپلیکس میں مہمان ٹیم کے لئے کئے جانے والے انتظامات کے متعلق بریفنگ کے علاوہ انہیں تمام نشتر سپورٹس کمپلیکس کا دورہ بھی کرایا جائے گا۔ واضح رہے کہ پنجاب حکومت نے بھی مہمان ٹیم کو دورہ پاکستان میں مکمل سکیورٹی فراہم کرنے کی یقین دہانی کرا رکھی ہے۔ علاوہ ازیں پاکستان میں سکیورٹی معاملات کا جائزہ لینے کے لئے آئی سی سی کے دو حکام کی بھی دبئی سے پاکستان آمد متوقع ہے۔