ایشیا اولمپک کونسل کے زیراہتمام ایڈمنسٹریشن کورس لاہور میں شروع
لاہور (سپورٹس رپورٹر/ نمائندہ سپورٹس)پنجاب اولمپک ایسوسی ایشن کے زیراہتمام اولمپک کونسل آف ایشیا ایڈمنسٹریشن کورس برائے مردوخواتین لاہور کے مقامی ہوٹل میں شروع ہوگیا۔ کورس کا افتتاح صوبائی وزیر قانون، ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن مجتبیٰ شجاع الرحمان نے کیا۔ اس موقع پر پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری حاجی خالد محمود، ایم ڈی ٹی ڈی سی پی احمرملک، پنجاب اولمپک ایسوسی ایشن کے سیکرٹری ادریس حیدر خواجہ اور پنجاب اولمپک ایسوسی ایشن سے ملحقہ ایسوسی ایشنز کے نمائندوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ کورس سے خطاب کرتے ہوئے مجتبیٰ شجاع الرحمان نے کہا کہ وہ جلد ہی پنجاب اولمپک ایسوسی ایشن کی میٹنگ وزیراعلیٰ پنجاب سے کروائیں گے اور 72 ویں پنجاب گیمز کو منعقد کروانے میں پنجاب اولمپک کی بھرپور مدد کریں گے۔ پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے سیکرٹری حاجی خالد محمود نے کہا کہ کھیلوں میں ایڈمنسٹریشن کا بہت بڑا رول ہے اور اولمپک کونسل آف ایشیا نے پاکستان کو اس سال دو ایڈمنسٹریشن کے کورسز دیئے ہیں ایک پنجاب اولمپک ایسوسی ایشن کروا رہی ہے جبکہ دوسرا سندھ اولمپک ایسوسی ایشن کروا رہی ہے۔ پنجاب اولمپک ایسوسی ایشن کے سیکرٹری ادریس حیدر خواجہ نے کہا کہ کورس میں پنجاب بھر کی تمام کھیلوں کی نمائندگی ہے۔ انہوں نے مہمان خصوصی میاں مجتبیٰ شجاع الرحمان سے درخواست کی کہ وزیراعلیٰ سے پنجاب اولمپک کی ملاقات کروا دیں تا کہ 72 ویں پنجاب گیمز اور چھٹے انٹر سکول و کالجز گیمزکا انعقاد ممکن ہو سکے۔ قبل ازیں کورس سات روزہ کورس میں پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے سیکرٹری حاجی خالد محمود ، پائندہ ملک اور میاں محمد رفیق نے مختلف لیکچرز دیئے۔