دکانیں زبردستی بند کرانے پر اسلام آباد ہائیکورٹ میں ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کی سر زنش
اسلام آباد (آن لائن) اسلام آباد ہائی کورٹ نے زبردستی مارکیٹیں بند کرنے کے حوالے سے دائر کیس میں ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کو دوبارہ رپورٹ جمع کرانے کا حکم دیتے ہوئے سماعت آج منگل تک کے لئے ملتوی کر دی ۔ گزشتہ روز کیس کی سماعت جسٹس شوکت عزیز صدیقی کی عدالت میں ہوئی ۔ ڈپٹی کمشنر نے عدالت میں رپورٹ جمع کرائی جس پر عدالت نے ان سے استفسار کیا کہ کس قانون کے تحت آپ زبردستی مارکیٹیں بند کرنے اور گرفتاریاں عمل میں لا رہے ہیں جس پر ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ یہ حکومتی فیصلے کی روشنی میں کر رہے ہیں اس پر عدالت نے انہیں آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ آپ کی رپورٹ پیراگراف نمبر 7 میں کچھ اور لکھا ہے اور عدالت میں کچھ اور بول رہے ہیں آپ کو زیب نہیں دیتا کہ جھوٹ بولیں ۔ جس عہدے پر آپ فائز ہیں اس کے مطابق بیان دیں پتا کچھ نہیں ہوتا منہ اٹھا کر چلے آتے ہیں، جس پر ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ آرڈیننس 1969 کے تحت مارکیٹیں بند کر رہے ہیں ۔ جس پر عدالت نے انہیں آرڈیننس کی رپورٹ جمع کرانے کا حکم دیتے ہوئے سماعت آج تک کے لئے ملتوی کر دی ۔