ہائیکورٹ: آئی جی سے پاسپورٹ کے تصدیقی عمل میں سپیشل برانچ کی ٹیم، طریقہ کار کی رپورٹ طلب
لاہور (وقائع نگار خصوصی) ہائیکورٹ کے جسٹس محمد فرخ عرفان خان نے آئی جی پنجاب سے شناختی کارڈ اور پاسپورٹ کے اجرا کیلئے تصدیقی عمل کے ذمہ دار سپیشل برانچ کے افسروں اور اہلکاروں پر مشتمل ٹیم اور طریقہ کار کی تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے۔ عدالت نے قرار دیا کہ آئندہ تاریخ پر رپورٹ داخل نہ کرنے کی صورت میں آئی جی پنجاب ذاتی طور پر عدالت میں پیش ہوں۔ عدالت نے ریمارکس دئیے کہ شناختی کارڈ اور پاسپورٹ کا حصول ہر شہری کا بنیادی حق ہے۔ عدالت نے یہ احکامات ایک شہری خیرالبشر کی رٹ درخواست پر دیئے جس میں موقف اختیار کیا گیا کہ درخواست گزار اور اس کی بیوی نے پاسپورٹ کیلئے درخواست دی مگر محکمہ تصدیق کے نام پر پاسپورٹ جاری نہیں کر رہا جو جنرل کلاز ایکٹ 1987ء کے سیکشن 24 اے کی خلاف ورزی ہے۔ ڈپٹی اٹارنی جنرل نے عدالت میں بتایا کہ پاسپورٹ پالیسی کے سیکشن 23 (2) کے مطابق اگر کسی کے نیشنل سٹیٹس کے متعلق شک ہو تو پاسپورٹ افسر سپیشل برانچ کو تصدیق کیلئے ریفرنس بھیجے گا تاہم وہ اس بارے تحریری اسباب درج کرے گا تاکہ کسی شہری کو بے جا تاخیر کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ عدالت نے سماعت 11 مئی تک ملتوی کر دی۔