• news

سینٹ اجلاس 17 مئی تک جاری رہے گا: اجلاس میں فیصلہ

اسلام آباد (آئی این پی) سینٹ کی ہائوس اینڈ بزنس ایڈوائزی کمیٹی نے پشاور میں آنے والے طوفان سے متاثرہ لوگوں کیلئے10 لاکھ روپے کی رقم سینٹ ایمرجنسی ریلیف فنڈ میں سے عطیہ کر دی جبکہ فیصلہ کیاگیا کہ سینیٹ کا رواںسیشن 17 مئی تک جاری رہے گا۔ سینٹ کی بزنس ایڈائزی کمیٹی کا اجلاس پیر کو چیئرمین سینٹ میاں رضاربانی کی زیر صدارت ہوا۔ کمیٹی کے ارکان نے تجویز پیش کی کہ سینیٹروں کی ماہانہ تنخواہ میں سے 2 ہزار روپے فنڈ میں عطیہ کئے جایا کریں۔ اس تجویز پر چیئرمین سینٹ نے پارلیمانی لیڈران کو اپنی پارٹی کے سینیٹرز کو اعتماد میں لینے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں تجویز دی گئی کہ سینٹ بزنس ایڈوائزی کمیٹی ہرسال چاروں صوبوں اور فاٹا کے دورے کیا کرے گی۔ رضا ربانی نے کہا کہ صوبے ایوان بالا کے حلقوں کا درجہ رکھتے ہیں اور سینیٹ کا وفد صوبوں میں جا کے وزراء اعلیٰ، سپیکر صوبائی اسمبلی، قائد حزب اختلاف اور وزراء برائے داخلہ، خزانہ اور پلاننگ سے ملاقات کیا کرے گا۔ پہلا دورہ پنجاب میں سینٹ کا سیشن ختم ہونے کے بعد کیا جائے گا۔

ای پیپر-دی نیشن