سولر منصوبے میں 2ارب روپے بچانا شہبازشریف ہی کا کمال ہے، نواز شریف
لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعظم محمد نواز شریف نے اپنے خطاب میں وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کے خطاب کو انتہائی جامع اور مفصل قرار دیتے ہوئے کہاکہ انہوں نے منصوبے کے حوالے سے ہر شے کا احاطہ کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ شہباز شریف نے100میگا واٹ کے سولر منصوبے میں 2ارب روپے کی بچت کر کے قوم کے وسائل بچائے ہیں جس پر وہ مبارکباد کے مستحق ہیں۔ انہوں نے چین کی کمپنی سے کامیاب بات چیت کر کے 2ارب روپے کی رقم بچائی ہے۔ اس حوالے سے ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کو آگے آکر حوصلہ افزائی کرنی چاہیے۔ نواز شریف نے خطاب میں کہاکہ وزیراعلیٰ پنجاب اور میں نے سولر پاور پلانٹ پر کام کرنے والے کنٹریکٹرز‘ ورکرز اور انتظامیہ کیلئے 2کروڑ روپے دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے اپنی تقریر میں کہا کہ قائداعظم سولر پارک کے چیف ایگزیکٹو آفیسر نجم شاہ انتہائی محنتی اور ایماندار افسر ہیں۔ انہوں نے اس منصوبے پر چھٹیوں کے دوران بھی دن رات کام کیا۔ وزیراعظم نے اپنے خطاب میں نجم شاہ کو تمغہ خدمت دینے کا اعلان کیا۔