• news

نئے پاکستان کا مطلب نظام بدلنا ہے، بڑے فرعونوں سے مقابلہ ہو گا: عمران

بشام (نوائے وقت رپورٹ+ ایجنسیاں) عمران خان نے کہا ہے کہ نئے پاکستان کا مطلب نظام بدلنا ہے، بلدیاتی الیکشن، الیکشن نہیں انقلاب ہو گا، پاکستان کی تاریخ میں پہلی دفعہ ایسا نظام لا رہے ہیں جو انسانوں کو آزاد کر دے گا۔ بشام میں جلسے سے خطاب میں عمران نے کہا کہ ترقی یافتہ ملکوں اور پاکستان کے درمیان نظام کا فرق ہے۔ آئندہ فیصلے عمران خان نہیں عوام خود کریں گے۔ پاکستان میں3کروڑ بچے سکول سے باہر ہیں۔ عمران نے نوجوانوں سے کہا وہ ووٹ اس شخص کو دیں جو دیانتدار ہو، تاکہ ترقیاتی فنڈز کا صحیح استعمال ہو، آئندہ چند روز میں ثابت ہوجائے گا کہ عوام کا مینڈیٹ چوری ہوا تھا، کوہستان میں جلسے کے موقع پر ق لیگ کے رہنما ملک اورنگزیب نے تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا۔ خطاب میں عمران نے کہاکہ انہوں نے دھاندلی کے خلاف آواز اٹھائی اور ہمت نہیں ہاری، جس کی وجہ سے این اے 125کا فیصلہ حق میں آیا۔ جلد جوڈیشل کمشن کے فیصلے کے بعد 2015ء الیکشن کا سال ہو گا، این اے 125 میں وزیر ریلوے کی وکٹ اڑ گئی، آہستہ آہستہ تمام وکٹیں اڑا دیں گے، حکمران عوام کا پیسہ چوری کر کے باہر لے گئے باہر کے ممالک میں ان کے اربوں کے اثاثے ہیں۔ ہم آہستہ آہستہ کرپشن کو بے نقاب کر یں گے، درخت کاٹنے کا سلسلہ بند کرائیں گے‘ عمران خان نے کوہستان میں نیشنل پارک بنانے کا بھی اعلان کیا۔ انہوں نے کہا 126 روز کنٹینر پر کھڑے ہو کر سچ پر ڈٹا رہا اللہ تعالیٰ نے سرخرو کیا ہے، اللہ تعالیٰ سب کو آزمائش میں ڈالتا ہے جو سچ پر کھڑا رہتا ہے وہی سرخرو ہوتا ہے، مجھے قومی اسمبلی میں ذلیل کرنے کی کوشش کی گئی لیکن عزت دینے والی اللہ تعالیٰ کی ذات ہے، اقتدار میں آ کر تعلیم کیلئے جہاد کروں گا، ملک میں غریب اور امیر کیلئے یکساں نصاب تعلیم قائم کریں گے اور مفت تعلیم کا نظام رائج کریں گے، خیبر پی کے کی پولیس پر فخر ہے ان کی تنخواہوں میں مزید اضافہ کریں گے، ملک میں بڑے بڑے فرعون بیٹھے ہیں ان سب کا مقابلہ کرنا ہے، کارکن یاد رکھیں کبھی مایوس نہ ہوں۔ عمران نے کہا کہ یہاں کوئی اسلام بیچ رہا ہے اور خود ڈیزل کے پرمٹ پر بک جاتا ہے۔ کوئی پختونوں کے نام پر سیاست چمکا رہا ہے، کوئی جاگ پنجابی جاگ کے نعرے کے ذریعے لوگوں کو دھوکہ دے رہے ہیں اور کوئی لندن سے ٹیلی فون پر کبھی روتا ہے اور کبھی گانے گانا شروع کردیتا ہے لیکن ان لوگوں کو ہم نے بھگانا ہے۔ خیبر پی کے میں 350 نئے بجلی گھر بنائیں گے، لوگوں کو 2 روپے فی یونٹ بجلی ملے گی۔

ای پیپر-دی نیشن