• news

معلوم نہیں دائود ابراہیم کہاں چھپا ہوا ہے، پاکستان پر الزام لگانے والے بھارت نے ہاتھ کھڑے کر دئیے

نئی دہلی (نیٹ نیوز) بھارتی وزیر مملکت برائے داخلہ ہری بھائی چودھری نے کہا ہے کہ ان کے پاس ممبئی میں جرائم کی دنیا کے سابق سرغنہ داؤد ابراہیم کے ٹھکانے کے بارے میں معلومات نہیں اور جب تک اس بارے میں پتہ نہیں چلتا انہیں واپس لانے کی کارروائی شروع نہیں کی جا سکتی۔ بی بی سی کے مطابق دائود ابراہیم 1993ء میں ممبئی میں ہونے والے سلسلہ وار بم دھماکوں کے معاملے میں ممبئی پولیس کو مطلوب ہیں اور ان کے خلاف ریڈ کارنر نوٹس بھی جاری کیا جا چکا ہے۔ ماضی میں بھارتی حکومت کا الزام رہا ہے کہ پاکستانی خفیہ اداروں نے داؤد کو کراچی میں پناہ دے رکھی ہے جبکہ پاکستان اس الزام سے انکار کرتا رہا ہے۔ بھارتی خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کے مطابق وزیرِ مملکت برائے امور داخلہ نے لوک سبھا میں بیان دیتے ہوئے کہا کہ داؤد کے بارے میں پتہ چلتے ہی حوالگی کا عمل شروع کیا جائے گا۔ ’اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے بھی ان کے خلاف ایک خصوصی نوٹس جاری کیا ہے۔ اس شخص کے ٹھکانے کے بارے میں ابھی تک پتہ نہیں چل پایا ہے، جیسے ہی پتہ چلے گا، اسے بھارت لانے کی کارروائی شروع کی جائے گی۔‘

ای پیپر-دی نیشن