جے آئی ٹی کی تفتیش مکمل ہونے تک سزا مؤخر کی جائے: صولت مرزا کی سندھ ہائیکورٹ کو پھر درخواست
کراچی(وقائع نگار) سزائے موت کے مجرم صولت مرزا نے چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ کو خط ارسال کیا ہے۔ خط میں سزا موخر کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق صولت مرزا نے چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ کو ایک اور خط ارسال کیا ہے۔ خط میں موقف اختیار کیا ہے کہ میری دو درخواستیں ابھی زیر سماعت ہیں اور جے آئی ٹی کی تفتیش مکمل ہونے تک سزا کو موخر کیا جائے۔ صولت مرزا کی درخواست پر سندھ ہائی کورٹ نے جے آئی ٹی سے رپورٹ طلب کرلی ہے ۔واضح رہے کہ صولت مرزا کے ڈیتھ وارنٹ تیسری مرتبہ جاری کیے گئے ہیں جس کے تحت صولت مرزا کو 12مئی کو تختہ دار پر لٹکایا جائے گا ۔دریں اثناء صولت مرزا سے مچھ جیل میں ان کے اہل خانہ نے ملاقات کی ہے ۔ذرائع کے مطابق ملاقات کرنے والوں میں صولت مرزا کے بھائی ،اہلیہ اور بہنیں شامل ہیں ۔ملاقات کے موقع پر جیل سکیورٹی کے انتظامات سخت کردیئے گئے تھے ۔جیل کے باہر ڈی آر پی اور جیل فورس کے اضافی اہلکاروں کو سکیورٹی کے لئے تعینات کیا گیا تھا ۔