پنجاب سروس ٹربیونل، زیرالتوا 10ہزار مقدمات کی سماعت کیلئے صرف تین ممبرز دستیاب
لاہور (شہزادہ خالد) پنجاب سروس ٹربیونل میں مختلف محکموں کے ملازمین کی طرف سے دائر زیر التوا 10ہزار مقدمات کی سماعت ٹربیونل کے صرف تین ممبر کر رہے ہیں جبکہ ریٹائر ہونے والے تین ممبرز کی نشستیں ابھی تک خالی پڑی ہیں جبکہ پنجاب سروس ٹربیونل کے چیئرمین کے عہدے پر سیشن جج فرائض انجام دے رہے ہیں۔ پی ایس ٹی میں زیر التوا مقدمات میںسب سے زیادہ محکمہ پولیس کے ملازمین کے ہیں۔ ایجوکیشن، پٹواری ، ایکسائز ، محکمہ ہیلتھ و دیگر محکموںکے ملازمین کی طرف سے بھی کیس دائر کئے گئے۔ صوبائی محتسب میں بھی سب سے زیادہ شکایات پولیس کیخلاف درج کرائی گئی ہیں۔ سروس ٹربیونل میں 6 ممبران اور ایک چیئرمین پنجاب سروس ٹربیونل کی عدالتیں ہیں جن میں سے اس وقت صرف تین ممبران کام کر رہے ہیں جس کے باعث زیر التوا مقدمات کی شرح میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔نئے ممبرکی تقرری کے لئے خواہشمند افراد اثرو رسوخ استعمال کر رہے ہیں۔ ٹربیونل کے ایک ممبر کے پاس 12 سو کے قریب مقدمات زیر سماعت ہیں۔ایک ماہ میں 60 سے 100 تک مقدمات نمٹائے جاتے ہیں جبکہ نئے دائر ہونے والے کیسوں کی شرح اس سے زیادہ ہے۔ زیادہ تر مقدمات ملازمین کی ترقی، ملازمت پر بحالی، جبری ریٹائرمنٹ اور تبادلے کے متعلق ہیں۔