• news

لاہور ہائیکورٹ نے متروکہ وقف املاک بورڈ کے 8 افسروں کی برطرفی روک دی

لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے متروکہ وقف املاک بورڈ کے گریڈ 16 کے 8 افسروں کو برطرف کرنے سے روکتے ہوئے ان کو جاری کئے گئے شوکاز نوٹس معطل کر دئیے۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس محمد قاسم خان نے کیس کی سماعت کی۔ درخواست گزاروں نے کہاکہ عدالتی حکم پر انہیں چار سال قبل نوکریوں پر مستقل کیا گیا تھا مگر متروکہ وقف املاک بورڈ کے موجودہ چیئرمین صدیق الفاروق نے انہیں نوکریوں سے برطرف کر نے کے لئے شوکاز نوٹس جاری کر دئیے ہیں۔ قانون کے برعکس نوکریوں سے برطرف کیا جانا بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔ جس پر عدالت نے متروکہ وقف املاک بورڈ کے گریڈ 16 کے 8 افسروں کو برطرف کرنے سے روکتے ہوئے جاری کئے گئے شوکاز نوٹس معطل کر دئیے۔ عدالت نے چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ صدیق الفاروق کو 26 جون کے لئے نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔

ای پیپر-دی نیشن