تسنیم اسلم تبدیل، قاضی خلیل اللہ ترجمان دفتر خارجہ تعینات
اسلام آباد(سٹاف رپورٹر) دفتر خارجہ کے ایڈیشنل سیکرٹری برائے مشرق وسطیٰ قاضی خلیل اللہ اب دفتر خارجہ کے نئے ترجمان ہوں گے۔ موجودہ ترجمان تسنیم اسلم کو بیرون ملک نئی ذمہ داریاں سونپی جا رہی ہیں۔ دفتر خارجہ کے ذرائع کے مطابق تسنیم اسلم اقوام متحدہ میں ذمہ داری سنبھالنے کی متمنی تھیں لیکن وہاں ڈاکٹر ملیحہ لودھی کو مقرر کر دیا گیا۔ قاضی خلیل اللہ کو ترجمان بنانے کے فیصلے کے پس منظر میں مشرق وسطیٰ کی صورتحال بھی کارفرما ہے جو پاکستان کی خارجہ پالیسی اور داخلی سیاست پر بھی اثر انداز ہو رہی ہے۔ مشرق وسطیٰ کے امور کی دیکھ بھال کرنے والے یہ افسر، اس خطہ کی صورتحال کے بارے میں خارجہ پالیسی کی وضاحت عمدگی سے کر سکیں گے۔