• news

رفیق رجوانہ گورنر پنجاب مقرر....جنوبی پنجاب کی محرومیوں کا ازالہ کرونگا‘ دروازے عام آدمی کیلئے کھلے رہیں گے : گورنر

اسلام آباد، لاہور (خصوصی رپورٹر + وقائع نگار خصوصی) صدر ممنون حسین نے وزیراعظم نواز شریف کی سفارش پر سینیٹر محمد رفیق رجوانہ کو صوبہ پنجاب کا نیا گورنر تعینات کر دیا۔ ملک رفیق رجوانہ کا تعلق جنوبی پنجاب کے ضلع ملتان سے ہے اور وہ 2012 میں مسلم لیگ ن کے ٹکٹ پر ایوان بالا کے رکن منتخب ہوئے۔ سرکاری ٹی وی کے مطابق وزیراعظم نے رفیق رجوانہ کی تعیناتی کا فیصلہ اسلام آباد میں ان سے ملاقات کے بعد کیا۔ تعیناتی کے بعد سینٹ میں خطاب کرتے ہوئے سینیٹر رفیق رجوانہ نے کہا کہ وہ اس عہدے کے لیے اعتماد کیے جانے پر ممنون ہیں اور قیادت کی توقعات پر پورا اترنے کی کوشش کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کی تعیناتی جنوبی پنجاب کے لیے اچھی خبر ہے اور وہ اس خطے کی محرومیوں کے ازالے کی کوششیں کریں گے۔ وزیراعظم نے رفیق رجوانہ کی مسلم لیگ ن کے لئے خدمات کو سراہا۔ نو منتخب گورنر پنجاب رفیق رجوانہ نے کہا کہ قیادت کی توقعات پر پورا اترنے کی کوشش کرونگا۔ چودھری محمد سرور کے 29 جنوری کو گورنر پنجاب کے عہدے سے مستعفی ہونے کے بعد سے یہ عہدہ خالی تھا اور سپیکر پنجاب اسمبلی ر انا محمد اقبال خان قائم مقام گورنر کے فرائض سرانجام دے رہے تھے۔ گورنر پنجاب سینیٹر رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ سینٹ میں گزرا ہوا وقت ایک یادگار کی حیثیت رکھتا ہے، میرا انتخاب جنوبی پنجاب کے عوام کیلئے ایک تحفہ ہے، صوبے کے عوام کے حقوق کیلئے، سیاسی چپقلش کے خاتمے کیلئے اپنا کردار بھرپور طریقے سے ادا کرونگا۔ سینٹ میں اظہار خیال کے موقع پر انہوں نے کہا کہ آج سینٹ اجلاس میں بوجھل دل کے ساتھ موجود ہوں مجھے جہاں ایک طرف گورنر پنجاب بننے کی خوشی ہے تو دوسری جانب سینٹ جیسے اہم ادارے سے وابستگی ختم ہونے پر افسوس یہ وہ ادارہ ہے جہاں سے میں نے بہت کچھ سیکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میرے انتخاب سے جنوبی پنجاب کے عوام کی احساس محرومی کا بھی خاتمہ ہوگا اور میں مسلم لیگ کی قیادت کا شکر گزار ہوں۔ انہوں نے کہا کہ مجھے قدم قدم پر رہنمائی کی ضرورت ہے اور میں اس ایوان سے یہ توقع رکھتا ہوں کہ وہ میرا بھرپور ساتھ دے گا۔ انہوں نے ایوان کے تمام ارکان کا شکریہ ادا کیا۔ نامزد گورنر پنجاب رفیق رجوانہ پارلیمنٹ ہاﺅس آئے تو ارکان پارلیمنٹ نے نامزد گورنر پنجاب کو مبارکباد دی۔ میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا وہ پارٹی قیادت کے اعتماد پر پورا اتریں گے۔ آئین کے مطابق خدمات سرانجام دوں گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب نے ہمیشہ شفقت کا مظاہرہ کیا۔ اس موقع پر سینیٹر یوسف بادینی، سینیٹر سحر کامران، رکن قومی اسمبلی شفقت محمود اور ملک ابرار نے انہیں مبارکباد دی اور کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی طرف سے رفیق رجوانہ کو گورنر پنجاب نامزد کرنا خوش آئند ہے جس سے جنوبی پنجاب میں محرومیوں کا خاتمہ ہوگا۔
لاہور (فرخ سعید خواجہ) پنجاب کے نامزد گورنر ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ وہ پنجاب حکومت کے ساتھ مل کر صوبہ پنجاب کے عوام کی خدمت کریں گے۔ نوائے وقت سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گورنر بنائے جانے پر وہ اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہیں۔ یہ میری قیادت وزیر اعظم محمد نواز شریف اور وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف کی مہربانی ہے کہ انہوں نے پہلے بھی مجھے اکاموڈیٹ کیا، دو مرتبہ سینیٹر بنایا، پارٹی کے اہم فیصلوں میں مجھے شامل رکھا اور اب مجھ پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے گورنر بنایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ گورنر پنجاب کے عہدے کو اپنے لئے باعث عزت سمجھتے ہیں اور یہ ذمہ داری بھی ہے۔ میری دعا ہے کہ میں اللہ، عوام اور قیادت کے اعتماد پر پورا اتروں۔ انہوں نے کہا کہ بلاشبہ وہ وفاق کے نمائندے ہونگے لیکن پنجاب بھی ان کا اپنا صوبہ ہے اور وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف جیسے انتھک، محنتی، ایماندار اور پرخلوص لیڈر کے ساتھ معاونت کر کے خود انہیں بھی صوبے کے عوام کی خدمت کرنے کا بہترین موقع ملے گا۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ گورنر ہا¶س کے دروازے عام آدمی کے لئے کھلے رہیں گے بالخصوص طالب علموں کی حوصلہ افزائی کے لئے وہ ہر وقت دستیاب ہونگے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بطور وکیل انہوں نے طویل عرصہ لاہور میں گزارا وکلاءبرادری میری اپنی برادری ہے جبکہ سیاستدان کی حیثیت سے تمام سیاسی جماعتوں کے رہنما¶ں کے ساتھ بہت اچھے مراسم رہے ہیں۔ اللہ نے چاہا تو عوام کی توقعات پر پورا اتروں گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف نے دہشت گردی کے خاتمے اور توانائی کے بحران سے نمٹنے کیلئے مدبرانہ کردار ادا کیا ان جیسے مدبر کی قیادت میں پاکستان بہت جلد بحرانوں سے نکل جائے گا۔

رفیق رجوانہ

ای پیپر-دی نیشن