ترک حکومت اور عوام ہمارے ساتھ کھڑے ہیں : شہباز شریف‘ پاکستانی قوم دہشت گردی کا بہادری سے مقابلہ کر رہی ہے : اردگان
لاہور (خصوصی رپورٹر) ترکی کے صدر رجب طیب اردگان اور وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے گزشتہ روز جنوبی پنجاب کے ضلع مظفرگڑھ میں ترک حکومت اور عوام کے تعاون سے بنائے گئے سٹیٹ آف دی آرٹ رجب طیب اردگان ٹرسٹ ہسپتال کا ویڈیو لنک کے ذریعے افتتاح کیا۔ ترک صدر نے ریموٹ کنٹرول کا بٹن دبا کر ہسپتال کی تختی کی نقاب کشائی کی۔ انقرہ میں منعقدہ تقریب میں ترکی کے نائب وزیراعظم، وزرائ، ارکان پارلیمنٹ اور ٹیکا (TIKA) کے صدر جبکہ مظفرگڑھ میں منعقدہ تقریب میں وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف، مشیر صحت خواجہ سلمان رفیق، پاکستان میں ترکی کے سفیر ایس بابر گرگن، ارکان قومی و صوبائی اسمبلی، ماہرین صحت، دانشوروں اور لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ وزیراعلیٰ شہباز شریف نے ترکی کے صدر کی جانب سے رجب طیب اردگان ٹرسٹ ہسپتال کا ویڈیولنک کے ذریعے افتتاح کے موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ آج ایک عظیم دن ہے جب ترک حکومت اور عوام کے تعاون سے سٹیٹ آف دی آرٹ رجب طیب اردگان ٹرسٹ ہسپتال کا افتتاح کیا جا رہا ہے۔ پاکستان اور ترکی کی دوستی کا ایک اور سنگ میل عبور ہوا ہے۔ پاکستان اور ترکی کے عوام یکجان، دو قالب ہیں اور دونوں ممالک کے عوام کی دوستی بھائیوں سے بھی بڑھ کر ہے۔ انہوں نے کہا کہ مظفرگڑھ میں جدید ترین طبی سہولیات سے آراستہ بہترین اور شاندار ہسپتال بنایا گیا ہے اور یہ ہسپتال ایک بھائی کی مشکل کی گھڑی میں دوسرے بھائی کی مدد کی شاندار مثال ہے۔ پاکستان میں اس پائے کا کوئی ہسپتال موجود نہیں۔ انہوں نے انقرہ میں موجود ترک صدر سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے عوام 2010 کے سیلاب کے دوران آپ کے تعاون کو کبھی فراموش نہیں کر سکتے۔ آپ 2010 میں اپنی بیٹی کے ہمراہ یہاں آئے اور پانیوں میں گھرے پاکستانی بھائیوں کے دکھ درد کو محسوس کرتے ہوئے ان کی بھرپور مدد کی۔ پاکستان کے عوام آپ کے خلوص، محبت، پیار اور بھائے چارے کو ہمیشہ یاد رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ترکی کے مابین قائم دوستی کی مثال دنیا میں نہیں ملتی۔ برصغیر کے مسلمانوں نے ترکی کی جنگ آزادی میں ترکوں کا بھرپور ساتھ دیا۔ امن ہو یا جنگ یا کوئی اور قدرتی آفت، ترکی کی حکومت اور عوام ہمیشہ اپنے پاکستانی بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جناب صدر! آپ نے نہ صرف مظفرگڑھ میں ہسپتال قائم کیا بلکہ اسے چلانے کیلئے ڈاکٹرز بھی بھجوائے۔ ہسپتال میں جدید اور بہترین طبی سہولیات میسر ہیں۔ مریضوں کیلئے ادویات اور تمام طبی سہولیات مفت فراہم کی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم ہسپتال کی تعمیر میں ترک حکومت اور عوام کے تعاون پر آپ کے بے حد شکرگزار ہیں۔ انہوں نے کہ ترکی نے آپ کی قیادت میں مثالی ترقی کی ہے اور ترکی دنیا کی 16 ویں بڑی معیشت بن چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح آپ نے ایک ہسپتال کا تحفہ دیا ہے اسی طرح علاقے کیلئے آپ کی اہلیہ کے نام سے منسوب امینہ طیب اردگان سکول بھی آپ کا شاندار تحفہ ہے۔ آپ سے درخواست ہے کہ آپ جلد پاکستان کا دورہ کریں اور اس سکول کا اپنے ہاتھوں سے افتتاح کریں۔ پاکستان کے عوام آپ کیلئے چشم براہ ہیں۔ شہباز شریف نے مظفرگڑھ میں رجب طیب اردگان ٹرسٹ ہسپتال کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رجب طیب اردگان ٹرسٹ ہسپتال ترک حکومت اور عوام کا پاکستان، پنجاب، بالخصوص جنوبی پنجاب کے ضلع مظفرگڑھ کے عوام کیلئے ایسا انمول تحفہ ہے جو تمام ضروری جدید طبی سہولیات سے لیس ہے۔ نفع نقصان کے بغیر ہسپتال کا نظام چلایا جا رہا ہے اور دکھی انسانیت کی خدمت میں یہ ادارہ پیش پیش ہے اور ہسپتال میں آرتھوپیڈک کا شعبہ بھی شروع کیا گیا ہے جس سے معذور افراد کو علاج معالجے کی جدید سہولتیں میسر آئیں گی۔ دکھی انسانیت کی خدمت بڑی سے بڑی عبادت سے کم نہیں ہے اور اس کا اجر اللہ تعالیٰ دے گا۔ پاکستان میں شاید ہی کوئی ہسپتال رجب طیب اردگان ہسپتال کے پائے کا ہو۔ اس ہسپتال میں نہ تو ہڑتال ہوتی ہے، نہ ہی ٹائر جلائے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خدمت خلق کے جذبے کے ساتھ دکھی انسانیت کا ہاتھ تھامنا ہوگا اور شعبہ صحت میں اسی ہسپتال کے ماڈل کو اپنا کر آگے بڑھنا ہوگا۔ انہوں نے کہا رجب طیب اردگان ٹرسٹ ہسپتال پاک ترک دوستی کا اعلیٰ نمونہ ہے اور ترک بھائیوں کی پاکستانی بھائیوں کے ساتھ والہانہ محبت کی لازوال مثال ہے۔ وزیراعلیٰ نے 100 بیڈز پر مشتمل رجب طیب اردگان ہسپتال کو 500 بستروں تک بڑھاکر ٹیچنگ ہسپتال بنانے کا اعلان کرتے ہوئے کہاکہ اس با ت کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے کہ یہاں میڈیکل کالج، نرسوں کا تربیتی ادارہ، ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ کے شعبے بھی بنائے جائیں گے۔ اربوں روپے کے اس منصوبے کیلئے آئندہ مالی سال فنڈز رکھے جائیں گے۔ منصوبے کے لئے جگہ کا انتخاب اور ڈیزائن تیار کیا جا چکا ہے اور ےہ تمام منصوبے 2سال میں مکمل کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ رجب طیب اردگان ہسپتال جنوبی پنجاب کے عوام کیلئے ایک ایسا شاندار تحفہ ہے جس کے آگے پورے پاکستان کے سرکاری ہسپتال شرما جائیں۔ سرکاری ہسپتالوں میں طبی سہولیات کو بہتر بنانا ہمارا مشن ہے اور ہسپتال دکھی انسانیت کی خدمت کا شاندار شاہکار ہے۔ اس مثالی ہسپتال کو آئندہ دو سالوں میں 500 بستروں تک لے جایا جائے گا اور یہ ایسا ہسپتال بنے گا جہاں کراچی اور لاہور کے مریض بھی علاج کیلئے آئیں گے۔ قبل ازیں ترکی کے صدر رجب طیب اردگان نے ویڈیو لنک کے ذرےعے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پوری پاکستانی قوم بہادری سے دہشت گردی اور دیگر مسائل کا مقابلہ کر رہی ہے جس پر میں انہیں مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ پاکستان کی عسکری و سیاسی قیادت اور تمام سٹیک ہولڈرز دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بہادری سے برسرپیکار ہیں اور بہت جلد پاکستان مسائل سے نکلے گا اور معاشی طورپر مضبوط ملک بن کر ابھرے گا۔ انہوں نے عالمی حالات کا تذکرہ کرتے ہوئے کہاکہ مسلم امہ کو بے پناہ مثال کا سامناہے اور ان مسائل کے حل کے لئے پوری امت کو مل کر کام کرنا ہے۔علاوہ ازیں شہباز شریف سے گزشتہ روز آسٹریلیا کی وزیرخارجہ جولی بشپ کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی۔ شہبازشریف نے آسٹریلین وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان بہترین دوستانہ تعلقات موجود ہیں۔ زراعت ، لائیوسٹاک، مائننگ ،سکل ڈویلپمنٹ اور تعلیم کے شعبوں میں آسٹریلیا سے تعلقات کو مزید فروغ دےنا چاہتے ہیں۔ کوئلے اور خام لوہے کی مائننگ کے حوالے سے آسٹریلیا تعاون کر سکتا ہے۔ دہشت گردی کے خاتمے کے لئے پوری پاکستانی قوم یکسو ہو چکی ہے- عسکری اور سیاسی قیادت بھی دہشت گردی کے خاتمے کے لئے ایک صفحے پر ہے- دہشت گرد وں میں اچھے یا برے کی تمیز ختم کر دی گئی ہے، دہشت گرد سب کے سب برے ہیں- علاوہ ازیں شہباز شریف سے اوکاڑہ میں قتل ہونے والے شہری ملک محمد بوٹا کے لواحقین نے گزشتہ روز ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ نے مقتول کے خاندان کو انصاف کی فراہمی کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ قتل کیس کی تفتیش میرٹ پر ہوگی اور انصاف کے تمام تقاضے پورے کئے جائیں گے اور قانون کے مطابق انصاف ہوگا۔ مزید برآں شہباز شریف نے فاطمہ میموریل میڈیکل کالج لاہور کے پرنسپل پروفیسر ہمایوں مقصود کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
شہباز شریف/ طیب اردگان