ہسپتال کا ویڈیو لنک کے ذریعے افتتاح، پنجاب حکومت جدید ٹیکنالوجی کے استعمال میں بازی لے گئی
لاہور(خصوصی رپورٹر) جنوبی پنجاب کے ضلع مظفر گڑھ میں رجب طیب اردگان ہسپتال کا افتتاح جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرتے ہوئے ویڈیولنک کے ذریعے بیک وقت ترکی اور مظفر گڑھ سے کیا گیا- پاکستان کی تاریخ میں بیک وقت دو ملکوں سے ویڈیولنک کے ذریعے کسی بھی بڑے منصوبے کے افتتاح کی یہ پہلی اور منفرد تقریب تھی جس کا اعزاز وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کی صوبے میں جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرنے کے حوالے سے کئے جانے والے ٹھوس اقدامات کو جاتا ہے- تقریب کی خاص بات ترکی کے صدر رجب طیب اردگان کا ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب اور پھر ریموٹ کنٹرول کا بٹن دبا کر منصوبے کا افتتاح تھا۔ شہبازشریف کا انگریزی میں خطاب ترکی میں ویڈیولنک کے ذریعے براہ راست دکھایا گیا اور ٹی وی چینلز نے بھی اسے براہ راست نشر کیا، اس طرح پنجاب حکومت کو یہ منفرد اعزاز حاصل ہوا ہے کہ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے دو ملکوں سے ایک بڑے منصوبے کا افتتاح کیا گیا۔ وزیراعلی پنجاب شہباز شریف نے جنوبی پنجاب کے ضلع مظفر گڑھ میں رجب طیب اردگان ہسپتال کی افتتاحی تقریب سے انتہائی پر جوش انداز میں خطاب کیا۔ وزیراعلیٰ نے اپنی تقریر کے آغاز میں ترکی کے صدر رجب طیب اردگان کو ’’مائی ڈئیر برادر‘‘ (My Dear Brother) کہہ کر مخاطب کرتے ہوئے اسلام علیکم کہا تو ترک صدر نے جواب میں وعلیکم السلام کہا۔